نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز، نوجوان کرکٹرز کو موقع دینے کے فیصلے پر نظرثانی پر غور

Mar 27, 2023 | 21:11:PM

(ویب ڈیسک)افغانستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں بدترین شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں بھی نوجوان کرکٹرز کوموقع دینے کے فیصلے پرنظر ثانی کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں نوجوانوں کو مواقع دیئے جانے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے گا، بورڈ نے افغانستان کی طرح نیوزی لینڈ کے خلاف نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا تھا، افغانستان کے ہاتھوں سیریزمیں شکست کے بعد اس پلان پرازسر نوغور کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کو آرام کرایا جانا تھا، ون ڈے سیریز میں ان کو شامل کئے جانے کا امکان تھا، نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بورڈ ارکان کی رائے ہے کہ پاکستان بھی نوجوان کھلاڑی کھلائے، ہوم کنڈیشنز میں پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو اعتماد ملے گا۔ذرائع کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے یا نہ دینے کے حوالے سے رواں ہفتے فیصلے ہوگا۔
یادرہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈکی سیریز کا آغاز 14 اپریل سے لاہور میں ہو گا، ٹی ٹونٹی میچز کے بعد 5 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: افطار کے فوراً بعد سگریٹ نوشی کرنیوالوں کیلئے بری خبر

مزیدخبریں