(اویس کیانی)خیبرپختونخوا میں چینی باشندوں پر حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے آج اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آج ہونے والے اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس میں چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیر اعظم کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں وفاقی وزرا، آرمی چیف ماعلیٰ عسکری حکام،آئی جیز اور حساس اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے،جبکہ آج طلب کیا گیا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے اب وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر دفاع، وزیر خارجہ بھی شریک ہوں گے،اجلاس میں ملکی سرحدی اور داخلی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا،اداروں کی طرف سے حالیہ دہشتگردی کے واقعات اور تحقیقات بارے بتایا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی ملکی سیکیورٹی صورتحال اور دیگر چیلنجز بارے اجلاس کو بریفنگ دیں گے اور وزارت داخلہ میں غیر ملکیوں خصوصا چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے سیل کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہاجلاس میں سینیٹ الیکشن اور سیاسی صورتحال پر اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:روپے کی قدر میں اضافہ، ڈالر مزید سستا ہوگیا
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی کانوائے پر خودکش حملے میں 5 چینی انجینئرز سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد علی گنڈا پور نے بتایا کہ حملہ خودکش معلوم ہوتا ہے تاہم اس کی تحقیقات جاری ہیں، حملے میں ہلاک ہونے والے 5 غیرملکی باشندے ہیں، گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جا رہی تھی کہ راستے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آ گیا۔