اروند کیجریوال کی گرفتاری ،امریکی محکمۂ خارجہ کے ردعمل پر بھارت سیخ پا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری پر امریکی محکمۂ خارجہ کے ردعمل پر بھارت سیخ پا، نئی دہلی وزارت خارجہ میں امریکی قائم مقام ڈپٹی چیف آف مشن گلوریا بربینا کو طلب کرکے مذمت ریکارڈ کرا دی ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے امریکی قائم مقام ڈپٹی چیف آف مشن کو کہا گیا ہے کہ ہم بھارت میں قانونی کارروائیوں کے بارے میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے ریمارکس پر سخت اعتراض کرتے ہیں،سفارت کاری میں دیگرممالک سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ دوسروں کی خودمختاری اور اندرونی معاملات کا احترام کریں۔
واضح رہے کہ امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ امریکا نئی دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کی رپورٹ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ ایک منصفانہ قانونی عمل کی حوصلہ افزائی کرتا ہے،اروند کیجریوال کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے دہلی کی شراب پالیسی سے متعلق رشوت کے الزامات پر گرفتار کیا تھاجبکہ عام آدمی پارٹی ان الزامات کی تردید کرتی ہے،ارویند کیجریوال کی گرفتاری ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب ملک میں آئندہ ماہ سے عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، اروند کیجریوال کو کل مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ورلڈ بینک نے 5 کروڑ ڈالرمیں سے پہلی قسط جاری کردی ،رقم کس منصوبے پر خرچ کی جائیگی ؟ جانیے