وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس، اہم فیصلے

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24نیوز)صوبائی کابینہ کا 29واں اجلاس وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو، انتظامی سیکرٹریز و ایڈووکیٹ جنرل نے شرکت کی،اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔
صوبائی کابینہ نے ایبٹ آباد میں گلیز اور چترال میں بشکر گرم چشمہ کو بائیو سفئیر قرار دیتے ہوئے گزٹ نوٹیفکیشن کی منظوری دی،ان دو مقامات کے نوٹیفکیشن کی منظوری سے پاکستان میں بائیو سفئیر مقامات کی تعداد چار ہوگئی ہے، دنیا میں مجموعی طور پر 758 مقامات بائیو سفئیر قرار دئے گئے ہیں۔
یونیسکو خیبر پختونخوا کے ان دو مقامات کو بائیو سفئیر نیٹ ورک میں شامل کرچکا ہے، اس سے پہلے پنجاب اور بلوچستان میں ایک ایک مقام اس نیٹ ورک میں شامل ہیں۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا نے اس پیشرفت کو اہم قرار دیتے ہوئے ایسے مقامات کے تحفظ کے لئے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی،کابینہ اجلاس میں مالی سال 2024/25 کے ترقیاتی پروگرام کے حجم کو بڑھاتے ہوئے 33 بلین اے ڈی پی پلس کی منظوری دی گئی،یہ منظوری اے ڈی پی منصوبوں میں فنڈ کے بہتر اخراجات کو دیکھتے ہوئے دی گئی جس کی شرح 80 فیصد سے زائد ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا نے اس پیشرفت کو صوبے کے اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے اہم سٹریٹجی قرار دیا۔
احساس ہنر پروگرام کی مجموعی مالیت 3050 ملین کرنے اور نوجوانوں کو کاروبار کرنے کے لئے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لئے بینک آف خیبر کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی گئی،اجلاس میں خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز (امینڈمنٹ) ایکٹ 2025 کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں نوٹریز رولز 1965 میں ساٹھ سال بعد اہم ترامیم منظورکرلی گئی،آرٹسٹ ویلفیئر اینڈوومنٹ فنڈ کے لئے 50 ملین روپے فنڈ جاری کرنے کی منظوری دی گئی،وزیراعلی نے فنڈ کو میرٹ کی بنیاد پر شفاف طریقے سے فراہمی کی ہدایت کی۔
وزیراعلی نے ہدایت کی کہ یہ فنڈ کمزور مالی صورتحال کے دوران آرٹسٹس کی مالی امداد کے ساتھ آرٹسٹوں کو ان کے فن میں معاونت پر بھی استعمال کیا جائے ،اس کے علاوہ صوبے میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے منتظر سکولوں کے لئے فنڈ کے اجراء کی منظوری دی گئی،فاٹا یونیورسٹی کے لئے 14.5 ملین روپے فنڈ کی فراہمی کی منظوری، یہ فنڈ کیمپس میں واٹر سپلائی سکیم اور طلبہ کی ٹرانسپورٹ کے لئے بس کی خریداری میں استعمال ہوگا۔
وزیراعلی نے امید ظاہر کی کہ فاٹا یونیورسٹی کے کیمپس کی تکمیل سے یونیورسٹی کی کارکردگی میں بہتری اور طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوگا،صوبائی سپورٹس گالا کے کھلاڑیوں کو انعامی رقم کی مد میں فنڈ جاری کرنے کی منظوری، انعامی رقم کا اعلان وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کھلاڑیوں کی جانب سے بہترین کارکردگی پر ان کی حوصلہ افزائی کے لئے کیا تھا۔
وزیراعلی نے سپورٹس گالا کے بہترین انعقاد کو سراہا ،پولو گیم کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے عندیہ دیا کہ شندور کے ساتھ پولو گیم پشاور میں بھی منعقد کرائے جائیں گے۔
پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے فیملی ویلفیئر اسسٹنٹس کے لئے ٹریول الاؤنس 250 روپے سے بڑھا کر 3000 روپے کرنے کی منظوری، سال 1995 کے بعد اس الاؤنس کو پہلی بار بڑھایا گیا ہے،وزیراعلی نے فیملی ویلفیئر اسسٹنٹس کے ماہانہ وزٹس کو مانیٹر کرنے اور کارکردگی کو جانچنے کی ہدایت کی۔
خیبرپختونخوا ہیلتھ فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے ممبران و چیئرپرسن کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی،صوبائی اسمبلی کی قرارداد نمبر 135 و 136 وفاقی حکومت کو بھیجنے کی منظوری دی گئی۔