ترک سیریز 'ارطغرل' میں ویرات کوہلی کا ایکٹنگ ڈیبیو؟

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کے ترک سیریز 'ارطغرل' میں ٹی وی ڈیبیو دینے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر فینز تذبذب کا شکار ہوگئے۔
ویرات کوہلی اسٹیڈیم میں چھکوں، چوکوں اور نجی زندگی میں اپنی اہلیہ و اداکارہ انوشکا شرما سے بے انتہا محبت کے سبب چرچوں میں رہتے ہیں۔
انکی فین فالوئنگ صرف بھارت ہی میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں ہے جن میں انکے سب سے زیادہ چاہنے والے پاکستان میں بستے ہیں۔
ویرات کوہلی اس وقت اپنی پرفارمنس یا اہلیہ سے محبت کے سبب چرچوں میں نہیں بلکہ ترک سیریز 'ارطغرل' میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے حوالے سے پھیلے دعوے ہیں۔
دراصل ویرات کوہلی نے خود کسی بھی ترک سیریز میں کام نہیں کیا ہے بلکہ انکی شکل اس سیریز میں بھائے گئے ایک کردار کے اداکار سے بے انتہا مشابہت رکھتی ہے جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان امڈ آیا ہے لیکن پھر بھی متعدد کو تو اس بات پر مکمل یقین ہے کہ یہ ویرات کوہلی ہی ہیں جنہوں نے سیریز میں کام کیا ہے۔
یاد رہے کہ اگرچہ کرکٹر ویرات کوہلی نے کئی اشتہارات میں کام کیا ہے مگر وہ کبھی کسی فلم، ڈرامے یا سیریز میں نہیں دکھے۔
مائیکرو بلاگنگ ایپ ریڈ اِٹ کے صارفین نے ترک اداکار کی بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے مشابہت پر مزاحیہ ردعمل ظاہر کیا ہے جس پر مذاق کیا جا رہا ہے کہ یہ ویرات کا ٹی وی ڈیبیو تھا۔
ایک ریڈ اِٹ صارف نے مشہور ترک ٹیلی ویژن سیریز "Diriliş: Ertuğrul" سے ترک اداکار کاویٹ چیتن گونر کا سیریز کے ایک سین سے لیا گیا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں وہ دوغان بے کا کردار ادا کر رہے تھے۔
اس پوسٹ کے ساتھ بطور کیپشن لکھا کہ 'انوشکا شرما کے شوہر کا ٹی وی شو ڈیبیو'۔ اس پوسٹ پر ایک ریڈ اِٹ کے صارفین نے مزاحیہ ردعمل دیا اور لکھا کہ 'اداکار اور ویرات کے درمیان مشابہت خوفناک حد پر حیران کن ہے۔'
ایک تبصرے میں لکھا تھا کہ 'یہ مذاق نہیں ہے۔ جب میں نے پہلی بار ارطغرل میں یہ دوغان بی کردار دیکھا تو میں نے کہا کہ یہ ویرات کوہلی ترک سیریز میں کیا کر رہا ہے؟ مشابہت خوفناک ہے۔'
ایک اور صارف نے مذاق کیا کہ 'نیپوٹزم حد سے تجاوز کر گیا ہے' جبکہ ایک اور تبصرہ تھا کہ 'مجھے نہ بتائیں کہ یہ ویرات نہیں ہے بلکہ کوئی اور ہے۔'
Diriliş: Ertuğrul کے بارے میں:
'Diriliş: Ertuğrul' ایک ترک تاریخی فکشن اور ایڈونچر ٹیلی ویژن سیریز ہے جس کی پروڈکشن مہمت بوزداغ نے کی۔
اس شو میں انجین التان دوزیتان ارطغرل بے کے کردار میں مرکزی کردار ادا کرتے دکھے جبکہ کاویٹ چیتن گونر، کان طاشانر اور ہُلیا دارکان اہم کرداروں میں ہیں۔
یہ سیریز 13ویں صدی میں واقع ارطغرل کی زندگی پر مبنی ہے جو عثمان اوّل، سلطنت عثمانیہ کے بانی کے والد تھے۔ یہ سیریز 2014 میں نشر ہوئی تھی اور 2019 میں پانچ سیزن مکمل کرنے کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔