عامر خان نے اپنا یوٹیوب چینل لانچ کردیا

Mar 27, 2025 | 22:15:PM

(ویب ڈیسک)بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ اداکار عامر خان، جو اپنی منفرد فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں، اب انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے اپنے مداحوں کو فلم میکنگ کی باریکیوں سے روشناس کرانے کی ٹھان لی۔

رواں ماہ اپنی 60ویں سالگرہ منانے والے عامر خان کی پروڈکشن کمپنی 'عامر خان پروڈکشنز' نے یوٹیوب چینل ’عامر خان ٹاکیز‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جو انکے مداحوں کو سینما کی دنیا میں جھانکنے کا ایک نیا موقع فراہم کرے گا۔یہ نیا پلیٹ فارم فلم بینوں کو پس پردہ مناظر، فلم کی تخلیق سے متعلق فیصلہ سازی کے دلچسپ پہلو اور کہانیوں کے سحر میں جکڑنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

عامر خان کے اس یوٹیوب چینل کے ذریعے مداحوں کو سیٹ پر ہونے والے نایاب لمحات، فلم میکنگ کے تکنیکی پہلوؤں اور کہانی بُننے کے عمل کے بارے میں گہرائی سے جاننے کا موقع ملے گا۔

یوٹیوب چینل ’عامر خان ٹاکیز‘ کا اعلان
عامر خان پروڈکشنز نے ایک خصوصی ویڈیو کے ذریعے اس چینل کی رونمائی کی، جس میں کہا گیا کہ 'سینما، کہانیاں اور دلچسپ لمحات، ہم نے ایسی فلمیں تخلیق کیں جنہوں نے آپ کو ہنسایا، رُلایا اور سوچنے پر مجبور کیا، اب ’عامر خان ٹاکیز‘ کے ذریعے فلم میکنگ کی دنیا میں جھانکیے، جہاں آپ کو کہانی اور حقیقت ایک ہوتے نظر آئیں گے۔ 

تعارفی ویڈیو میں عامر خان نے اپنی دیرینہ خواہش کا اظہار کیا کہ وہ طویل عرصے سے فلم سازی کے سفر کو مداحوں کے ساتھ بانٹنا چاہتے ہیں، اب اس چینل کے ذریعے ناظرین کو فلمی تخلیق کے پیچیدہ مراحل، ہدایت کاروں کے وژن اور فلم کے پردے پر نظر آنے والی جادوئی دنیا کے پیچھے کی حقیقتوں سے روشناس کرایا جائے گا۔

چینل پر نہ صرف ماہرین کی گفتگو، فنکاروں کے انٹرویوز اور فلمی تجربات پر بحث ہوگی بلکہ یہ نئے فلم سازوں اور سینما کے شوقین افراد کے لیے بھی ایک سیکھنے کا بہترین موقع ثابت ہوگا۔

عامر خان کے بقول ’عامر خان ٹاکیز‘ کے ذریعے مداح اب سنیما کی دنیا کو ایک بالکل نئے زاویے سے دیکھ سکیں گے، جہاں کہانی، جذبات اور تخلیقی عمل کی حقیقی روح آشکار ہوگی۔

مسٹر پرفیکشنسٹ کی 60ویں سالگرہ
عامر خان، جو بالی وڈ میں ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کے لقب سے جانے جاتے ہیں، بھارتی فلم انڈسٹری کے سب سے زیادہ متاثر کن اداکاروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

14 مارچ 1965 کو پیدا ہونے والے عامر خان نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور چائلڈ آرٹسٹ فلم یادوں کی بارات (1973) سے کیا، لیکن انہیں اصل شہرت 1988 میں فلم قیامت سے قیامت تک سے ملی۔

 اس کے بعد انہوں نے دل، راجہ ہندوستانی، لگان، رنگ دے بسنتی، دنگل اور 3 ایڈیٹس جیسی کامیاب فلمیں دیں، جو نہ صرف تجارتی طور پر کامیاب ہوئیں بلکہ ناظرین اور ناقدین کی بھی بھرپور داد سمیٹیں۔

مارچ 2025 میں، عامر خان نے اپنی 60ویں سالگرہ منائی، جو ان کے مداحوں کے لیے ایک یادگار لمحہ تھا۔ کئی دہائیوں پر محیط ان کا شاندار فلمی سفر نہ صرف اداکاری بلکہ ہدایت کاری اور پروڈکشن کے میدان میں بھی ان کے تخلیقی ذہن کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنی سالگرہ کے موقع پر، عامر خان نے فلمی صنعت میں اپنی خدمات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا، اسی جذبے کے تحت انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل ’عامر خان ٹاکیز‘ کا آغاز کیا ہے تاکہ فلم میکنگ کے پیچیدہ اور دلچسپ عمل کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا جا سکے۔

عامر خان نہ صرف اپنی منفرد فلموں اور غیر معمولی اداکاری کے لیے مشہور ہیں بلکہ وہ اپنے ہر کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے بھی جانے جاتے ہیں، اُن کا یہ انداز ہی انہیں بالی وڈ کا سب سے معتبر اور معیاری اداکار بناتا ہے، جو ہر فلم کو ایک نئے انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں