(24 نیوز)پی ایس ایل میں حصہ لینے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہم اگلے پانچوں میچز میں مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ہی فائنل راؤنڈ تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، ابوظہبی کی سپن پچوں پر تمام ٹیموں کو حکمت عملی تبدیل کرنا پڑیگی،انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ فاف ڈوپلیسی ابو ظہبی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچز جتوائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد نے کہاکہ کراچی میں پی ایس ایل میچز کے دوران مجموعی طور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بہتر کرکٹ کھیلی مگر فیلڈنگ میں مسائل رہے، کیچز ڈراپ اور رن آؤٹ کے مواقع ضائع ہونے کی وجہ سے میچوں میں شکست ہوئی۔پاکستانی کرکٹ کی ایک بڑی ویب سائٹ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ابوظہبی میں کھیلے جانیوالا مرحلہ ہمارے لئے ایک نئے ٹورنامنٹ کی طرح ہوگااور سنگل لیگ کی حیثیت رکھتا ہے، ہمیں ہر میچ فائنل سمجھ کر کھیلنا ہوگا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان نے کہا کہ کراچی اور ابوظہبی کی کنڈیشنز میں بہت فرق ہے، کئی ٹیموں کے کھلاڑی بھی تبدیل ہوگئے، ایکدم بالکل مختلف ماحول سے مطابقت پیدا کرنا آسان نہیں ہوگا، پاکستان میں پچز سپورٹنگ تھیں،یو اے ای میں کنڈیشنز اسپن کے لیے سازگار ہونے کی وجہ سے ٹیموں کو اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا پڑے گی۔سرفراز احمد نے کہا کہ میچز کے دوران غصہ وقتی ہوتا ہے، میدان میں توجہ اس بات پر ہوتی ہے کہ جو بھی مواقع مل رہے ہیں ان کا فائدہ اٹھایا جائے، یہ سب کچھ میچ کی صورتحال کے مطابق ہوتا ہے، اس کے بعد چیزیں نارمل ہوجاتی ہیں۔سرفراز احمد نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ رہتے ہوئے کھیلنے کے کم مواقع ملنے پر مایوس نہیں ہوتا،مجھے اپنی فارم اور فٹنس پر کام کرنے کا موقع ملتا ہے،مصباح الحق، یونس خان اور محمد یوسف جیسے اعلی معیارکے کوچز کی رہنمائی حاصل ہوتی ہے، اسی کی وجہ سے پی ایس ایل جیسے ایونٹس میں بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دیپیکا پڈوکون’ بیجو باورا‘ کے ری میک میں کام کرینگی