PSL:صحرا کی سخت گرمی میں 7اوورز کے بعد پانی کےوقفے کی تجویز

May 27, 2021 | 10:17:AM

(24 نیوز) پی ایس ایل انتظامیہ نے ابوظہبی میں شروع ہونے والے مرحلےمیں میچوں کے دوران سخت گرمی میں کھلاڑیوں میں پانی کی کمی سے پیدا ہونے والے فٹنس مسائل پر قابو پانے کیلئے پلان تیار کر لیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6میچز کے دوران ابوظہبی میں سخت کڑاکے کی گرمی ہوگی جس کا حل نکالنے کیلئے فرنچائزز فکر مند نظر آرہے ہیں، ریگستان کی سخت گرمی میں کھیلی جانے والی کرکٹ کے دوران کھلاڑیوں کے جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی کے شدید خدشات لاحق ہوتے ہیں،اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ ناریل پانی پلاتے رہنے کا پلان بنایا ہے، بار بار ناریل پانی پلانے کا مقصد کھیل کے دوران کھلاڑیوں کو کریمپس پڑنے کے امکانات کو کم کرنے کی کوشش ہوگی۔فرنچائرز کی جانب سے ایک تجویز یہ بھی پیش کی گئی ہے کہ اننگز کے دوران وقفے زیادہ کردیئے جائیں تو بھی پانی کی کمی سے پیدا ہونے والے فٹنس مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی، ہر 7اوورز کے بعد وقفے سے کھلاڑیوں کو توانائی بحال کرنے میں مدد ملے گی، آئس کالر اور ویسٹ کا سہارا لیتے ہوئے بھی گرمی کا مقابلہ کیا جائے گا۔کھلاڑیوں کو موسم کے مطابق ہلکی پھلکی کٹس فراہم کی جائیں گی۔ شیڈول کے مطابق پہلا میچ 5بجے شروع ہوگا، پہلی اننگز میں کھلاڑیوں کو تھوڑی مشکلات پیش آسکتی ہے، بعد میں صورتحال بہتر ہوتی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: دیپیکا پڈوکون’ بیجو باورا‘ کے ری میک میں کام کرینگی

مزیدخبریں