(24نیوز) شہر قائد میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے پر حکومت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، تاہم شہریوں، دکانداروں اور پبلک ٹرانسپورٹرز کی بڑی تعداد اب بھی غیرذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا خطرات اور تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود بھی شہریوں کی بڑی تعداد لاپروائی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔کراچی میں کورونا تیزی سے پھیلنے کا خطرہ، مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ماسک کی پابندی اور سماجی فاصلے کا خیال نہ کرنے والے افراد ویکسین لگوانے کیلئے بھی تیار نہیں ہیں۔
ذرائغ علاقائی سطح کی دکانوں اور چھوٹی بڑی مارکیٹوں اور بازاروں سمیت پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی کورونا ایس او پیز کا خیال نہیں رکھا جا رہا ہے۔ انتظامیہ بھی ایس او پیز کی پابندی کرانے سے غافل نظر آتی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا ایس او پیز کو سرکاری عملہ بھی سنجیدگی سے نہیں لے رہا۔ ٹریفک پولیس اور پولیس اہلکاروں سمیت دیگر سرکاری ملازمین بھی احتیاطی تدابیر خاطر میں نہیں لا رہے، تاہم میڈیا کی موجودگی اور کیمرہ آن ہوتے ہی ایس او پیز پر نمائشی عملدرآمد شروع کر دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی مظالم پر بھارتی حکومت خاموش۔۔۔ سماجی تنظیموں ، سیاستدانوں، اراکین پارلیمنٹ کی سخت مذمت