مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو یواین کی قرارداد وں کے مطابق حل کرنا چاہئے، وولکن بوزکر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو یواین کی قرارداد وں کے مطابق حل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بطور صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میرا کردار غیر جانبدار ہوتا ہے تاہم انہوں نے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں یو این کی جنرل اسمبلی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
تین روزہ دورہ پاکستان کے موقع پرانہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں بھی امن کی بحالی ضروری ہے۔ انہوں نے افغانستان میں امن کو پاکستان اور علاقائی ترقی کیلئے لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا امن عمل میں کردار قابل تعریف ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکرنے زور دے کر کہا کہ خطے میں تمام ممالک کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسئلہ فلسطین پر اپنا موقف احسن انداز میں پیش کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یواین جنرل اسمبلی نے فلسطین کی صورتحال پراجلاس بلایا اور ہم نے فلسطینیوں کے حقوق کیلئے مضبوط مو¿قف اپنایا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں ریاستی تنازعات کے حل کیلئے جنرل اسمبلی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوںنے زور دے کر کہا کہ یواین سیکرٹری جنرل اورصدرامن عمل آگے بڑھائیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے مذاکرات کی فضا کو بحال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مسئلہ کشمیر اور فلسطین کی صورتحال مختلف نہیں ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر پر یواین صدر اورسیکرٹری قائدانہ صلاحیتوں کا استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کپتان سرفراز سمیت 25لوگوں کو ویزے نہیں مل سکے