لاپتہ افراد ۔۔وفاقی سیکریٹری داخلہ نے غیر مشروط معافی مانگ لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت میں وفاقی سیکریٹری داخلہ نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد عدالت میں پیش ہوکر غیر مشروط معاف مانگ لی۔
عدالت نے درخواستوں کی مزید سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی ۔جمعرات کوسندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، عدالتی حکم کے بعد وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر ہیومن رائٹس ،اٹارنی جنرل آف پاکستان اور دیگر پیش ہوئے ۔وفاقی سیکرٹری داخلہ کا شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرواتے ہوئے کہنا تھا کہ عدالتوں کا احترام کرتا ہوں، مصروفیت کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکا۔
جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا آپ انتہائی اہم پوزیشن پر تعینات ہیں، عدالت نے کئی حکم نامے جاری کیے، جواب تک جمع نہیں کرایا گیا، مجبورا عدالت کا ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنا پڑا، جبری گمشدگی کا مسئلہ انتہائی اہم ہے، اسے ختم کرنا ہوگا۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ انسانی حقوق کی بنیادوں پر وفاقی حکومت کام کررہی ہے، خیبر پختونخوا حکومت نے حراستی مراکز کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے، کے پی حراستی مراکز میں سندھ سے لاپتہ ہونے والے 3 افراد کی نشاندہی ہوئی ہے۔سندھ سے لاپتہ ہوئے دیگر افراد کا سراغ نہیں لگایا جاسکا، وفاقی حکومت ترجیح بنیادوں پر اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔
جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ امید کرتے ہیں مستقبل میں وفاقی سیکریٹری داخلہ عدالتی حکم کو نظر انداز نہیں کریں گے۔عدالت نے وفاقی سیکریٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب کے ساتھ پھر پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے لاپتہ افراد کیسز کی مزید سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی۔
یہ بھی پڑھیں۔ فضل الرحمان اور شہبازشریف میں کل اہم ملاقات۔۔حکومت مخالف اہم فیصلوں کا امکان