(ویب ڈیسک) مصطفی قریشی کا شمار اُن چند مشہور اداکاروں میں ہوتا ہے جو بنیادی طور پر پنجابی فلموں میں اپنے وِلن کرداروں کی وجہ سے نہ صرف پاکستان میں بلکہ بھارت میں بھی مقبول ہیں۔
حال ہی میں مصطفی قریشی نے ایک شو میں بالی ووڈ لیجنڈ اداکار دھرمیندر کی جانب سے آئی فون کال کے بارے میں بتایا جنہوں نے پنجابی فلم مولا جٹ میں ان کے مشہور کردار نوری ناتھ کی آواز میں اُن سے بات کی۔
مصطفی قریشی نے بتایا کہ میں لندن میں تھا کہ مجھے ایک مداح کا فون آیا جس نے مجھ سے نوری ناتھ کے لہجے میں بات کی، اس نے مجھ سے ملنے کی بھی درخواست کی، اس نے نوری ناتھ کے لہجے میں پوچھا کہ آپ مجھ سے ملنے آئیں گے یا میں آپ سے ملنے آؤں؟
پاکستانی اداکار نے بتایا کہ میں حیران رہ گیا اور پوچھا کہ وہ کون ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ وہ دھرمیندر ہیں۔
مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ وہ دھرمیندر سے پہلے کبھی نہیں ملے تھے۔ دھرمیندر نے کہا کہ وہ میرے بہت بڑے پرستار ہیں اور میرے ساتھ لنچ کرنا چاہتے ہیں، میں نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ مجھ سے رات کو مل سکتے ہیں، تو انہوں نے شوٹنگ کے باوجود رات کو مجھ سے ملاقات کی۔
مصطفیٰ قریشی نے بتایا کہ ہماری طویل ملاقات ہوئی، میں لندن میں ان کے گھر گیا، انہوں نے مجھے بار بار گلے لگایا۔ ہم نے گھنٹوں بات کی۔ انہوں نے مجھے یہ بھی بتایا کہ ہندوستان میں وہ پاکستانی فلمیں کس طرح دیکھتے ہیں اور اُس کے کرداروں کی نقل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
مصطفیٰ قریشی نے مزید کہا کہ ان کی ملاقات کے دوران دھرمیندر کے بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول بھی ان سے ملنے آئے۔