(ویب ڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف نے 28ارب روپے کے ریلیف پیکیج کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ غریب عوام کو فوری طور پر دو ہزار روپے ماہانہ دیئے جارہے ہیں ، یہ ریلیف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ ہوگا ۔پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے دل پر پتھر رکھ کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کیا ،تیل کی قیمتوں میں اضافہ ملک کو دیوالیہ پن سے بچانے کیلئے ناگزیرتھا،سابق حکومت نے سیاسی فائدے کیلئے پٹرول پر سبسڈی دی،حالانکہ خزانے میں کوئی گنجائش نہیں تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک شخص خط کو لیکر مسلسل قوم سے جھوٹ بول رہاہے،امریکا نے بھی سازش سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قراردیا،قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں 2مرتبہ کہاگیاکہ کوئی سازش نہیں ہوئی۔ اس شخص نے اس وقت بھی دھرنے کا ڈرامہ رچایا تھا جب چینی صدر پاکستان آرہے تھے۔
شہبازشریف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالی تو 7ہزار میگاواٹ کے پاور پلانٹ بند تھے،عالمی اداروں نے کہا ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ کرپشن آپ کے دور میں ہوئی،ملک کومعاشی دلدل میں آپ نے دھکیلا ہم نے نہیں۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی عوام نے مطالبہ کیاتھا نااہل اورکرپٹ حکمرانوں سے جان چھڑائی جائے،ملک کو سنگین حالات سے بچانا مقصود ہے،شہبازشریف نے مزید کہا کہ حکومت سنبھالی تو ہر شعبہ تباہی کی داستان سنارہاتھا،وزیراعظم کا منصب سنبھالنا کسی کڑے امتحان سے کم نہیں تھا ،قوم نے جس ذمہ داری کے لیے مجھے منتخب کیا وہ میرے لیے اعزاز ہے،وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آئینی طریقے سے حکومت بدلی گئی ، دروازے کھولے گئے پھلانگے نہیں۔
وزیر اعظم نے عمران خان حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ملک کو بحرانوں میں ڈبویا،مہنگائی عروج پر کی،آئی ایم ایف سے معاہدہ آپ نے کہاہم نے نہیں،سابق حکومت جان بوجھ کر اپنے کرتوتوں پر پردہ ڈال رہی ہے،فسادی ذہن نے سیاست میں زہر گھول دیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے د ور میں پاکستان نمایاں ترقی کررہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں :اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ کا حق برقرار ،کوئی نہیں چھین سکتا، اسحاق ڈار