وہ فیشن ٹرینڈز جن سے صحت پر بُرے اثرات ہو سکتے ہیں؟

May 27, 2023 | 11:50:AM

(ویب ڈیسک) وقت اور دور کے حساب سے فیشن ٹرینڈز اپنانا ایک اچھا عمل ہے، تاہم کچھ فیشن ٹرینڈز ایسے بھی ہیں، جو ہماری صحت کو نہ صرف متاثر کرسکتے ہیں بلکہ طویل المدتی طبی پیچیدگیوں میں بھی مبتلا کرسکتے ہیں۔

فیشن مصنوعات کے متعلق عام طور پر ایسی ہدایات نظر آتی ہیں کہ یہ آپ کے اٹھنے، بیٹھنے اور آپ کی چال ڈھال پر اثر انداز ہونے کے ساتھ ساتھ پیٹھ اور گردن میں درد کا سبب بن سکتے ہیں۔ انتہائی چست یعنی جلد سے چپکی ہوئی جینز، ہائی ہیلز اور بڑے ہینڈ بیگ خواتین کے جسم کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

دوسری جانب چارٹرڈ سوسائٹی آف فزیو تھراپی اور دیگر ماہرین کی جانب سے اس قسم کے خدشات کی نفی کی جاتی رہی ہے۔ ماہرین نے جن چیزوں کے بارے میں تشویش ظاہر کی ہے، ان میں سے کچھ یہاں پیش کی جا رہی ہیں۔

جلد سے چپکی جینز:

انتہائی چست جینز سے اٹھنے بیٹھنے میں دقت پیش آنا عام بات ہے۔ اسکنی جینز ہماری فعالیت کو کم کر دیتی ہے، ان کے مطابق ایسے لباس جسم کے جوڑوں پر دباؤ ڈالتے ہیں اور اس سے چھلانگ لگانے کی صلاحیت اور چہل قدمی کے دوران جھٹکے برداشت کرنے کی قدرتی طاقت کم ہو سکتی ہے۔

بھاری بیگ:

تنظیم کے مطابق وزنی بیگ کو اٹھانے کے طریقے سے بھی پریشانی ہو سکتی ہے۔

بھاری بیگ، خواتین میں پیٹھ کے درد کی بنیادی وجوہات میں سے ایک ہیں، ان کے مطابق، خواتین کو کہنی میں پھنسا کر بیگ لے کر چلنے سے بچنا چاہیئے کیونکہ اس کے بوجھ سے کندھے پر زیادہ زور پڑتا ہے اور دوسرے کندھے کے مقابلے میں ایک کندھا جھک جاتا ہے۔

بڑے ہڈ والے کوٹ:

وزنی ہڈ والے لباس حرکات و سکنات کو متاثر کر سکتے ہیں، بی سی اے نے کہا ہے کہ سر پر بڑے سائز کے فر والے گرم کوٹ پہننے سے بچنا چاہیئے کیونکہ آس پاس دیکھنے کے دوران اس سے گردن پر زور پڑتا ہے۔

ہائی ہیلز:

ہائی ہیلز پر ایک عرصے سے بحث جاری ہے کہ یہ چال کو متاثر کرتی ہے، ہائی ہیلز جسم کو ایک خاص صورتحال میں رہنے پر مجبور کرتی ہے جس سے ریڑھ کی ہڈی میں تناؤ پیدا ہوتا ہے۔

بیک لیس جوتے:

ایسی چپلیں جس میں پیچھے والے فیتے نہ ہوں، وہ بھی مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔ ایسی چپلیں جن کے پیچھے کا حصہ کھلا ہوتا ہے یعنی ہیل کی طرف سپورٹ نہیں ہوتی، ان سے پاؤں اور گردن کے نیچے تناؤ پیدا ہوتا ہے۔ ضرورت سے زیادہ بڑے بازو، بھاری بھرکم زیورات اور ٹیڑھی میڑھی کناریوں والے لباس بھی پہننے والی خواتین کے لیے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: چھینک روکنا انسانی صحت کیلئے کس حد تک خطرناک ہوسکتا ہے؟ 

73 فیصد افراد کو پیٹھ کے درد کی شکایت ہے جبکہ 33 فیصد خواتین اس بات سے بے خبر تھیں کہ ان کا لباس گردن اور ان کی کمر پر انداز پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔  اس طرح کے لباس یا لوازمات آپ کی سرگرمی پر اثر ڈالنے کے علاوہ عجیب طرح سے کھڑے ہونے یا چلنے کے مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔

مزیدخبریں