(ویب ڈیسک) حسن نامی پاکستانی وی لاگر کی بھارت کی مختلف جگہوں پر موٹر سائیکل پر سیر کرنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
ہم جب بھی ملک انڈیا کا نام سنتے ہیں تو شاید کہیں نہ کہیں ذہنوں میں یہ بات گھومنے لگتی ہے کہ انڈیا دشمن ملک ہے۔ یہ سوچ شاید انڈیا اور پاکستان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی خبروں سے پیدا ہوئی ہے۔ دونوں ملکوں کی عوام کی ایک دوسرے کے لیے اتنی ہی محبت ہے جتنی میڈیا یا سوشل میڈیا پر نفرت دکھائی جاتی ہے۔
حسن نامی پاکستانی وی لاگر کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ بھارت کی مختلف جگہوں پر اپنی موٹر سائیکل پر سفر کرتا ہے اور بھارتیوں سے ہونے والی ملاقات کے مثبت پہلوؤں کو کیمرے میں عکس بند کرتا ہے۔ ویڈیو میں ہندوستانیوں کو خوشی سے حسن کے ساتھ ملتے ،بات چیت کرتے اور ہندی زبان میں خوش آمدید کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وی لاگر نےویڈیو میں ہندوستان میں سفر کے دوران اپنے مختلف تجربات کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان شاید واحد ملک ہے جہاں سفر کے دوران مجھےگھر کی طرح محسوس ہوا۔
حسن نے بتایا کہ آپ سفر کر رہے ہوں اور آپ ان لوگوں کو دیکھ رہے ہوں جو بالکل آپ ہی کی طرح نظر آتے ہیں،کھانا جیسا ہم کھاتے ہیں وہ بھی ان کے کھانے سے بہت ملتا جلتا ہے۔ زبان ثقافت بالکل ایک ہی جیسی ہے۔لیکن دونوں ممالک کے درمیان تاریخ، سیاست اور بھارت کا اپنی مسلم آبادی کے ساتھ سلوک کی وجہ سے دشمنی کا رشتہ ہے۔
حسن کا کہنا تھا کہ 75،76سال ہو چکے ہیں لیکن ہم نے ابھی تک ایک پڑوسی کے طور پر رہنے کا راستہ تلاش کرنے کے لیےکچھ نہیں کیا۔ اس نے مزید کہا کہ یہ بد قسمتی ہے کہ ہم اس طرح جدا ہوئے ہیں کہ ہمیں امن کے ساتھ رہنے کا راستہ ہی نہیں ملا،سب سے بڑا افسوس بھی یہی ہے۔
مزید پڑھیں: پشاور سے رکن قومی اسمبلی نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کر لیں
پاکستانی وی لاگر نے انڈیا میں اپنے 30دن کے سفر کے دوران متعدد مثبت پہلوؤں کو عکس بند کیا۔انہی مثبت پہلوؤں میں سے ایک حسن نے ہائی وے پر سفر کے دوران ایک ایسے خاندان کی ملاقات عکس بند کی جنہوں نے اسے کھانے میں سندھی بریانی کھلائی جو وہ گھر سے بنا کر لائے تھے۔
حسن نے بتایا کہ اس خاندان نے اسے کھانے کی آفر اس لیے کی کیونکہ انہیں لگا کہ میں نے شاید سفر کے دوران کافی دنوں سے گھر کا پکا ہوا کھانا نہیں کھایا۔ حسن نے کہا کہ اسے امید ہے کہ اس کی ویڈیو سے ہندوستان اور پاکستان کے لوگوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔