ڈراما ’تیرے بن‘ کو پیمرا کا نوٹس جاری 

May 27, 2023 | 15:33:PM

(ویب ڈیسک) پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تنازع کا شکار پاکستان سمیت بھارت میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ڈراما ’تیرے بن‘ کو نوٹس جاری کردیا۔

پیمرا کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پریس ریلیز کے مطابق پیمرا نے جیو انٹرٹینمنٹ چینل کے ڈراما سیریل تیرے بن میں ’نامناسب مواد‘ نشر کرنے پر تنبیہ نوٹس جاری کیا ہے۔ پریس ریلیز میں مزید لکھا گیا کہ ’ڈراما سیریل کی قسط نمبر 47 میں نامناسب مواد نشر کیا گیا جو کہ پیمرا قوانین اور الیکٹرونک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015 کی متعدد شقوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے‘۔

نوٹس میں لکھا گیا کہ ’ پیمرا نے چینل کو تنبیہ کی ہے کہ نامناسب مواد کو ڈراما سیریل سے فوری حذف کیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ اس طرح کا مواد آئندہ کسی بھی قسط میں نشر نہ کیا جائے۔’

پیمرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکم نہ ماننے کی صورت میں چینل کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یاد رہے کہ ڈراما اُس وقت سوشل میڈیا پر تنازع کا باعث بنا جب ڈراما کی قسط نمبر 47 کے ٹیزر میں مرتسم اور میرب کے درمیان ازدواجی ریپ کا اشارہ دیا گیا تھا۔ اس ٹیزر کے بعد کئی دنوں تک سوشل میڈیا پر ڈرامے کے پروڈیوسرز اور لکھاری کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، رواں ہفتے 47 قسط ریلیز ہونے پر ڈرامے پر ایک اور الزام عائد ہوا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائقین نے ڈرامے میں ’غیر متوقع موڑ‘ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈرامے کی کہانی کو تبدیل کیا گیا ہے‘۔

مزیدخبریں