(24 نیوز) پی ٹی آئی کا شیرازہ بکھرنے لگا، استعفوں کی لائینیں لگ گئیں، تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں نے آج پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی رہنماء و سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر اختر ملک، سابق ایم پی اے میاں طارق، کراچی سے سمیر شیخ اور یوتھ ونگ کے سینئر نائب صدر کراچی جابر خانزادہ نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔
ڈاکٹر اختر ملک نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 25 سال مجھے عملی سیاست میں ہوگئے، ایک نظریے کے تحت ایمانداری سے لوگوں کی خدمت کی کوشش کی، آج جو دن دیکھنا پڑ رہا بھرے دل کے ساتھ قبول کرنا مشکل تھا، 9 مئی نے پورا منظر نامہ بدل دیا، دکھی دل کے ساتھ میں پی ٹی آئی کے ساتھ علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، ساتھ ہی ساتھ میں سیاست سے بھی کنارہ کشی کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست بڑا بے رحم سا کھیل ہے، سیاست پبلک پراپرٹی ہوتی ہے، پبلک پراپرٹی کو لوگ استعمال کرتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنا فیصلہ خود کریں سکتے ہیں۔
میاں طارق عبداللہ کا کہنا تھا کہ دوسری بار ممبر اسمبلی منتخب ہوا، آج کی پریس کانفرنس کا سب دوستوں کو علم ہے، 9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، اس دن کی پرزمت مذمت کرتا ہوں، پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے سیاست میں 30 سال ہوگئے، میں نے 2002 میں مشرف دور میں بھی کہا کہ قومی اداروں کے ساتھ ٹکراؤ نہیں ہونا چاہئے، سیاست تب چلتی ہے جب پاکستان ہے۔
پی ٹی آئی رہنما سمیر میر شیخ نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے اپنے ویڈٰو پیغام میں کہا کہ آج کے بعد میرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، پاک فوج کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کر سکتے، 9 مئی کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، مشکل حالات میں بھی پارٹی نہیں چھوڑی تھی، پاک فوج پر آنچ آنے نہیں دیں گے۔
تحریک انصاف کی مرکزی جماعت کے بعد یوتھ ونگ سے بھی استعفے آنا شروع ہوگئے۔ پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے سینئر نائب صدر کراچی جابر خانزادہ نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پر زور مذمت کرتا ہوں، ہمارے ادارے ہماری فوج ، ہماری شان ہے ہمارا مان ہے، میں آج سیاست اور پارٹی کے تمام عہدوں سے دستبردار ہوتا ہوں۔