(احمد رضا) کوئٹہ میں جاری 34 ویں نیشنل گیمز میں رسہ کشی کے مقابلے کے بعد اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق جوڈو میں آرمی نے 11 گولڈ میڈلز جیتے جبکہ روئنگ میں 16 سونے کے تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
تقسیم انعامات میں ہلڑ بازی کے بعد لڑائی شروع ہو گئی جبکہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور تماشائی گتھم گتھا ہو گئے، لاتوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، کرسیاں چل گئیں، انتظامیہ نے معاملہ رفع دفع کرانے کے بعد تحقیقات شروع کر دی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گیمز میں لڑائی کے واقعات انتہائی ناخوشگوار، ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزائیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ" ویڈیوز اور تصاویر کی مدد سے ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کر کے ایکشن لیں گے۔
انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ "گیمز کا پرامن اختتام چاہتے ہیں، اس کے بعد ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔"