(24 نیوز) ایف آئی اے نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے کی مبینہ آڈیو لیکس کی فرانزک تحقیقات مکمل کرلیں۔ جس میں کہا گیا کہ نجم ثاقب،ابوذر اور میاں عزیز کی گفتگو میں کوئی ربط نہیں، دو مختلف بات چیت کو آپس میں جوڑا گیا۔
ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ دو طرح کی گفتگو کو 4 مختلف جگہوں پر ایک دوسرے سے جوڑا گیا، متعلقہ افراد کی آڈیو ریکارڈ فراہمی کے بغیر اصلی ہونے کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو ٹیپ کی تحقیقات پر خصوصی کمیٹی قائم کی تھی۔ قومی اسمبلی کی خصوصی تحقیقاتی کمیٹی اسلم بھوتانی کی سربراہی میں قائم کی گئی۔ خصوصی کمیٹی نے مبینہ آڈیو ٹیپ کی تحقیقات کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا۔ مبینہ آڈیو ٹیپ میں پنجاب انتخابات متعلق پی ٹی آئی کی ٹکٹوں سے متعلق خریدوفروخت کا ذکر ہے۔