ہیٹ ویو کی کیفیت برقرار ،محکمہ موسمیات نےخبردار کر دیا

May 27, 2024 | 09:49:AM
 ہیٹ ویو کی کیفیت برقرار ،محکمہ موسمیات نےخبردار کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(کومل اسلم،حسن ملک،عامربھٹی) ملک کےبیشتر علاقے آج بھی گرمی کی لہر کے زیر اثر رہیں گے جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے آخری روز کے باوجود سورج اپنے آب و تاب کیساتھ چمکنے لگا، لاہور میں پارہ44 ریکارڈ،اسلام آباد میں 40سے42ڈگری تک جائے گا جبکہ گزشتہ روز موہنجو داڑو میں درجہ حرارت 53،جیکب آباد52،دادومیں 51 ریکارڈ،روہڑی 50،رحیم یارخان میں 49،ملتان 48ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق باغوں کے شہر لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، آج بھی شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں اور دن بھر موسم گرم اور خشک رہے گا۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے اعداد و شمار کے مطابق شہر لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد تک جا پہنچا ہے جبکہ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں،انہوں نے مزید بتایا کہ تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے متعلقہ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی کے مختلف علاقوں سے 3 خواتین سمیت 5 افراد کی لاشیں برآمد

محکمہ موسمیات کےمطابق  کراچی میں رواں ہفتہ گرمی کی شدت میں اضافہ کا امکان  ہے،چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 29 مئی سے 31 مئی کے دوران پارہ 40 سے تجاوز کرسکتا ہے،درجہ حرارت  40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ گرم اور خشک ہواوں کے باعث درجہ حرارت بڑھے گا۔

سردار سرفراز نے کہا کہ  دن کے بیشتر حصے میں شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں چل سکتی ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 20 سے 25 فیصد تک رہ سکتا ہے،شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے،جون کے پہلے ہفتے میں درجہ حرارت میں کمی آسکتی ہے اورجون میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتے ہیں جبکہ کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق   ملتان کا مطلع صاف، گر می کی لہر برقرار،درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا ئے گا جبکہ  آئندہ 24 گھنٹے میں مطلع صاف اور گرم رہے گا۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق فضائی آلودگی کی شرح 155 پوائنٹس پر ریکارڈ، جس کے بعد ملتان پاکستان کے فضائی آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پرآگیا۔
رحیم یارخان میں بھی مطلع صاف ، گر می کی شدت برقرار، درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ،زیادہ سے زیادہ د رجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈتک جائے گا۔