عمر سرفراز چیمہ کی درخواست ضمانت پر سپیشل پراسیکیوٹر کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(جمال الدین جمالی)انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی 2مقدمات میں درخواست ضمانت پر سپیشل پراسیکیوٹر کو آئندہ سماعت پر دلائل کیلئے پیش ہونے کا حکم دیدیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں 9مئی کو راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے دو مقدمات میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج خالد ارشد نے سماعت کی،سابق گورنر کے وکیل حسن یوسف شاہ نے درخواست میں موقف اختیا رکیا کہ ملزم سابق گورنر ہے 9مئی سانحہ کے 250 دن بعد ان مقدمات میں نامزد کیا گیا،ملزم کی 9مئی جلاؤ گھیراؤ کی کوئی تصویر یا سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں ہے،ملزم کا 9مئی جلاؤ گھیراؤ میں شرکت کا کوئی ثبوت نہیں ہے ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سابق گورنر ایک سال سے قید ہے ضمانت پر رہائی دی جائے۔
عدالت نے عمر سرفراز چیمہ کی ضمانتوں پر سماعت یکم جون تک ملتوی کر دی اور سپیشل پراسیکیوٹرکو آئندہ سماعت پر دلائل کیلئے پیش ہونے کا حکم دیدیا۔
یاد رہے کہ عمر سرفراز چیمہ نے راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے دو مقدمات میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہیں،راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کا تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ نمبر 109/23 اور مقدمہ نمبر 103/23 درج ہے،مقدمات میں بغاوت اور عوام کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کی دفعات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھرمیں کل عام تعطیل کا اعلان