24 نیوز: اینٹی کرپشن نے پراپرٹی انتقال فیس میں سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں محسن رانجھا کے والد پر مقدمہ درج کرلیا۔ اینٹی کرپشن عملے کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے ڈی جی اینٹی کرپشن کو محسن رانجھا اور حسن شاہ نواز رانجھا کے والد شاہ نواز رانجھا کے خلاف ریفرنس بھیجا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے ریفرنس میں شاہ نواز رانجھا اور پٹواری امین کے خلاف پرچہ دینے کی استدعا کی تھی۔
اس حوالے سےریفرنس کے متن میں کہا گیا کہ ملزمان نے جعلسازی سے پراپرٹی کی انتقالات فیس کی مد میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا، ملزم شاہ نواز رانجھا نے محکمہ مال کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر 1574 کنال 12 مرلہ زمین اپنے بیٹوں اور بیگم کے نام پر ٹرانسفر کی، ملزم نے خریداری کی بجائے محکمہ مال کے ریکارڈ میں زمین کا باہمی تبادلہ آبادی دیہہ کے ساتھ درج کرایا۔