تشدد کی شکار خواتین کیلئے اہم اقدامات کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)حکومت پنجاب نے تشدد کی شکار خواتین کی داد رسی اور دیکھ بھال کیلئے مزید سینٹرز قائم کرنے فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیرصدار ت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا جس میں پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی کارکردگی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ راولپنڈی اور لاہور میں بننے والے سینٹرز کو جلد فعال کر دیا جائے گا جبکہ دیگر شہروں میں بھی سینٹرز بنائے جائیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا ادارہ تشدد کا شکار خواتین کی دادرسی اورانہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے،وزیراعلیٰ نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کو ہدایت کی کہ نئے سینٹرز کیلئے موجودہ عمارتوں کو استعمال میں لانے کا جائزہ لیا جائے اور نئی بھرتیوں کی بجائے سرپلس ملازمین کی خدمات حاصل کی جائیں اور اس ضمن میں پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ضروریات کو مد نظر رکھ کر فی الفور اقدامات اٹھائے اور ڈویڑن کی سطح پر اتھارٹی کی کمیٹیوں کیلئے نامزدگیاں جلد مکمل کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں خواتین کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت خواتین کے حقوق کی نگہبان ہے۔اجلاس میں چیئرپرسن پنجاب ویمن پرو ٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سوشل ویلفیئر، ڈی جی پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔