(24نیوز)وزیراعظم نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کےلئے خالد خورشید کو نامزد کر دیا، گلگت بلتستان کےلئے وزرا کے نام بھی فائنل کر لئے گئے، فتح اللہ خان کو پلاننگ ڈویلپمنٹ اور انفارمیشن کا چارج دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے بعد کابینہ کے ناموں پر بھی فیصلہ کر لیا گیا،خالد خورشید کو وزیراعلیٰ نامزد کر دیا گیا ہے، وزیراعظم نے فتح اللہ خان کو پلاننگ ڈویلپمنٹ اور انفارمیشن کا وزیر بنانے کی منظوری بھی دےدی۔ذرائع کے مطابق وزیر سلیم وزارت ورکس اور راجہ زکریہ محکمہ جنگلات کے وزیر ہوں گے، اعظم خان وزیر تعلیم، گلبر خان وزیر صحت، شمس لون وزیر خوراک، وزارت پانی، بجلی مشتاق حسین اور وزارت لوکل گورنمنٹ حاجی عبدالحمید کو وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کاظم حسین کو ایگریکلچر اور وزارت ٹورازم کا چارج راجہ ناصر عباس کو دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے علی امین گنڈا پورکو گلگت بلتستان الیکشن میں تحریک انصاف کی اچھی کارکردگی پر شاباش دی، ذرائع کے مطابق وزیراعظم گلگت بلتستان کی حلف برداری کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے نامزد خالد خورشید نے اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ میں وزیراعظم عمران خان کا بے حد مشکور ہو جنہوں نے مجھے وزیراعلی گلگت بلتستان کےلئے نامزد کیا، میں آپ کی امیدوں پر پورا اتروں گا اور گلگت بلتستان کی عوام کےلئے پوری لگن سے دن رات کام کرونگا۔