کورونا ویکسین ٹرائل میں غلطی کے اچھے نتائج نکل آئے

Nov 27, 2020 | 20:15:PM

(24 نیوز)یونیورسٹی آف آکسفورڈ کی تیار کردہ کورونا ویکسین ٹرائل میں غلطی کے اچھے نتائج نکل آئے، مقررہ روز سے کم خوراک ملنے والے افراد پر ویکسین 90 فیصد موثر ثابت ہوئی ، مکمل خوراک والے گروپ کے نتائج 62 فیصد رہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹرا زینیکا اور یونیورسٹی آف آکسفورڈ نے اپنی تیار کردہ کورونا ویکسین کے ٹرائل میں ڈوز کی مقدار میں غلطی کا اعتراف کیا ہے،جس پر ان کو ویکسین ٹرائل کے نتائج پر تنقید کا بھی سامنا ہے، کمپنی کے مطابق آزمائش کے تیسرے مرحلے کے دوران کچھ افراد کو ویکسین کی دو مکمل خوراکیں مل گئیں ، جبکہ دوسروں کو پہلے شاٹ میں مقررہ مقدار سے آدھی خوراک ملی اور اس کے بعد دوسری ڈوز میں مکمل خوراک ملی۔
تاہم آسٹرا زینیکا کے ایک ایگزیکٹو ڈاکٹر مینا پینگلوس کے مطابق غلطی کے نتائج بہتر نکلے،کیونکہ ابتدائی آدھی خوراک والے گروپ میں یہ ویکسین 90 فیصد موثر ثابت ہوئی،جبکہ اس کے مقابلے میں مکمل خوراک والے گروپ میں 62 فیصد موثر رہی،آسٹرا زینیکا کے سی ای او کا کہنا ہے کہ کمپنی ممکنہ طور پر ویکسین کا فیز تھری کا ایک اور عالمی ٹرائل کرے گی۔

مزیدخبریں