اہم ادارے کے ساڑھے چار ہزار ملازم فارغ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان اسٹیل انتظامیہ نے 4544 ملازمین کو فارغ کردیا ، ان تمام ملازمین کے لیٹرز ان کے رہائشی پتوں پر ارسال کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ۔
فارغ ہونیوالوں میں گروپ دو تا چار،جونیئر افسر، اسسٹنٹ منیجرز، ڈپٹی منیجرز، منیجرز، ایس ای ڈی جی ایم اور ڈی سی او ملازمین شامل ہیں جب کہ اسٹیل مل کے اسکول و کالجز کے اساتذہ و غیر تدریسی عملے، ڈرائیورز، فائر مین، فائر ٹینڈرز آپریٹرز، صحت عامہ کے اسٹاف، سیکورٹی گارڈز و چوکیدار، مالی، پیرا میڈیکل اسٹاف، کچن اسٹاف، آفس اسٹاف، فنانس ڈائریکٹوریٹ کے تمام محکموں کے کارکن، اے اینڈ پی ڈائریکٹوریٹ اور اے اینڈ پی ڈپارٹمنٹ، فنانس ڈائریکٹوریٹ کے جونیئر افسر،(تمام محکموں) کارپوریٹ سیکریٹریٹ، سی پی اینڈ آئی، آئی ایس ایم ڈی، لا ڈپارٹمنٹ، سیکیورٹی اور اے اینڈ پی ڈپارٹمنٹ کو ضرورت کے تحت ملازمتوں پر برقرار رکھا گیا ہے۔
سی ای او سیکریٹریٹ، اسٹیل مل اسپتال، ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ، پروفیشنل ڈگری ہولڈرز، سی ڈی بی، پروٹول اور زونل آفس اسلام آباد سمیت لازمی سروس کے محکمہ جات میں تعینات ملازم کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب فارغ کئے جانے کی اطلاع ملتے ہیں تمام ملازمین اور ٹریڈ یونینز میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی اور ملازمین میں اشتعال پھیل گیا۔یاد رہے اس وقت پاکستان اسٹیل کے ملازمین گزشتہ کئی روز سے ادارے کی نجکاری اور ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف احتجاج شروع کئے ہوئے ہیں۔اسٹیک ہولڈرز گروپ کے کنوینر ممریز خان نے پاکستان اسٹیل انتظامیہ کے اس اقدام کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل کے چیف ایگزیکٹیو کے تقرر کے خلاف خود کیس عدالت میں ہے اور ایسے میں ملازمین کی نوکریوں کا قتل عام کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سندھ اس مسئلے کی جانب توجہ دیں اور دونوں حکومتیں مل بیٹھ کر پاکستان اسٹیل کی بحالی اور ملازمین کے روزگار کو بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔