(ویب ڈیسک)جنوبی افریقی میں کورونا وائرس کی نئی اور خطرناک قسم اومی کرون کے چند کیسز رپورٹ ہوتے ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں بڑی کمی کر دی گئی ہے۔
العربیہ ٹی وی چینل نے برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والی کرونا وائرس کی نئی اور اب تک کی سب سے خطرناک قسم کے بعد عالمی منڈی میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ ایک ہی دن میں تیل کی قیمت 12فیصد سے زائد کمی واقع ہو چکی ہے۔عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت میں 9.65 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی ہے جس کے بعد یہ 68.74 ڈالر پر ٹریڈنگ کر رہا ہے۔ برینٹ خام کی قیمت میں 8.95 ڈالر کی کمی آئی ہے اور اس کے ایک بیرل کی قیمت 73.27 ڈالر پر آ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈالر کی قیمت میں اچانک پانچ روپے کمی ؟؟
تیل کی قیمت کتنی تیزی سے کم ہو رہی ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستانی وقت کے مطابق رات کو 09:30 بجے تک تیل کی قیمت میں 10 فیصد کمی آئی تھی لیکن لگ بھگ 15منٹ بعد ہی یعنی 09:45 تک یہی کمی 12 فیصد ہو گئی تھی۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ میں کرونا وائرس کی ایک نئی قسم دریافت ہوئی ہے جو کو ماہرین نے بی ون ڈاٹ ون ڈاٹ فائیو ٹو نائن (b1.1.529) کا نام دیا ہے۔ اس قسم کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ کرونا کی اب تک کی سب سے خطرناک قسم ہے ،جس میں 50 کے قریب تبدیلیاں ہیں اور یہ ویکسین کو غیر موثر کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کی نئی قسم ۔۔۔ آئی سی سی نے بڑا ایونٹ روک دیا