(24نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ صوبوں کی حکومت نہ گئی تو گورنر راج لگانے جا رہے ہیں،سیاسی حالات کچھ بہتر ہوجائیں ہم خود الیکشن کی طرف جائیں گے،فریش مینڈنٹ سے ہی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔
شیخوپورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےجاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے کہنے سے پہلے ہی پنجاب میں عدم اعتماد لانےکا فیصلہ کرچکے تھے،عمران خان نے کہا ہے کہ وہ اسمبلیوں سے باہر آرہے ہیں تو بسمہ اللہ کریں، ہم نے تو اس سے پہلے ہی پنجاب میں عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا تھا،صوبہ کے پی کے میں بھی وزیر اعلیٰ کیخلاف عدم اعتماد لانا کوئی مشکل کام نہیں ہے، اگرتحریک عدم اعتماد نہ لاسکے تو گورنر راج لگائیں گے،ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ نوازشریف چند ہفتوں تک عوام کی قیادت کرتے نظر آئیں گے، غیرملکی ایجنڈا مسلط کرنے والوں پر ہاتھ ڈالنے کا وقت آگیا ہے،سازشیں کرنے والے اپنے مقاصد میں کا میاب نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تمام صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پارلیمنٹری پارٹی سے مشاورت کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔