اگر بھارت چیمپئن ٹرافی کیلئے پاکستان نہیں آتا تو ہرجانہ ادا کرے: رپورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پی سی بی حکام نے آئی سی سی پر پریشر ڈالا ہے کہ اگر بھارت چیمپئن ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان آنے سے انکار کرتا ہے تو اس کے بدلے ہرجانہ ادا کرے۔
پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا 2025 ایڈیشن قریب آرہا ہے، ادھر پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے گزشتہ روز خبر دی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی پر زور دیا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم چیمپئن ٹرافی 2025 کے لئے پاکستان آنے سے انکار کرے تو وہ انہیں معاوضہ ادا کرے۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم کا محمد رضوان سے جھگڑا؟ویڈیو وائرل
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے پی سی بی کے سی او او سلمان نصیر کے ساتھ اس سے قبل احمد آباد میں آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ سے ملاقات کی اور وہاں چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پر تبادلہ خیال کیا گیا، پی سی بی حکام چاہتے تھے کہ اگر بی سی سی آئی ٹیم انڈیا کو ایونٹ کے لیے پاکستان بھیجنے سے انکار کرتا ہے تو آئی سی سی کسی بھی یکطرفہ فیصلے سے گریز کرے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت نے اس سے قبل ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا، پاکستان کے پاس ایشیا کپ 2023 کی میزبانی کے حقوق ہونے کے باوجود بی سی سی آئی نے کہا کہ ان کی حکومت نے ان کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے نتیجہ میں ٹورنامنٹ ایک ہائبرڈ ماڈل پر شیڈول کیا گیا تھا جس میں کچھ میچ پاکستان میں اور باقی سری لنکا میں ہو ئے تھے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پی سی بی حکام نے مزید سفارش کی کہ اگر بی سی سی آئی یا بھارتی حکومت سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کرتی ہے تو آئی سی سی کو ایک خودمختار سیکیورٹی ایجنسی یا کمیٹی بنانی چاہیے جو پاکستان کا دورہ کرے اور پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے۔
یہ بھی پڑھیں: معروف کرکٹر،سابق کپتان کا الیکشن لڑنے کا اعلان
بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے بارے میں تحفظات کے باوجود اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ پاکستان سفر کے لیے محفوظ ہے، بھارت کے علاوہ، حالیہ برسوں میں ہر اعلیٰ درجے کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا ہے اور یہ دورے بغیر کسی سیکیورٹی کے مسائل کے کامیابی سے ہوئے ہیں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایونٹ کو ہائبرڈ ماڈل (جیسے ایشیا کپ 2023) میں منتقل کرنا بھی ایک ممکنہ آپشن ہے اس شرط کے پیش نظر کہ آئی سی سی پاکستان کو ہونے والے نقصانات کی تلافی کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آخری بار 1996 میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی کی تھی، یہ 3 دہائیوں کے قریب ہو گا جس کے بعد پاکستان 2025 میں آئی سی سی کے ایک بڑے ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔