کراچی کی مختلف عمارتوں میں آگ لگنے کے واقعات، مرتضیٰ وہاب کا بڑا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) کراچی کی مختلف عمارتوں میں آگ لگنے کے واقعات پر میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بڑا فیصلہ کرلیا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی کمرشل عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے 3 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے افسران سے مشاورتی اجلاس کے بعد ویڈیو بیان میں کہا کہ پہلے مرحلے میں شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ اور طارق روڈ کی عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیکھا جائے گا کہ کن عمارتوں میں فائر سیفٹی کا نظام موجود ہے یا نہیں، مشاہدے میں آیا ہے کہ کئی بڑی کمرشل عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے راستے ہی نہیں ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ کے ایم سی کا عملہ ان علاقوں میں تمام بڑی عمارتوں کا جائزہ لے گا، جن عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے راستے ہیں وہاں کی انتظامیہ انہیں واضح کرے۔
اُن کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق بڑی عمارتوں میں فائر سیفٹی کا نظام اور ہنگامی اخراج کے راستے ہونا لازمی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ جن عمارتوں میں فائر سیفٹی کا نظام اور ہنگامی اخراج کے راستے نہیں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ خالصتاً انسانی جانوں کا مسئلہ ہے، عمارتوں کی انتظامیہ مالکان کے ایم سی کے عملے ساتھ تعاون کریں۔