ڈیرہ غازی خان، سرحدی چوکی پر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام

Nov 27, 2024 | 10:54:AM

 (اویس کیانی سے)پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں سرحدی چوکی لکھانی پر 25 سے 30 خوارجی دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جسے پولیس نے ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کو فرار ہونے پر مجبور کردیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں نے رات دیر گئے حملہ کردیا، خوارجی دہشت گردوں نے راکٹ، دستی بموں سمیت بھاری اسلحے کا استعمال کیا ۔

پولیس کے مطابق 25 سے 30 خوارجی دہشت گرد لکھانی چیک پوسٹ پر چاروں طرف سے حملہ آور ہوئے تاہم پنجاب پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے اور حملہ آور پسپا ہو کر فرار ہوگئے۔

ترجمان نے کہا کہ تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے خوارجی دہشت گردوں کی نشاندہی کی گئی، پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مل کر خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، پولیس کی جوابی کاروائی نے دہشت گردوں کو فرار پر مجبور کر دیا، مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد بھاری جانی نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے، خیبرپختونخوا بارڈر پر تمام چیک پوسٹس پہلے سے ہائی الرٹ تھیں۔

 وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  اور آئی جی پنجاب عثمان انور نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین کیا اور پولیس افسران اور جوانوں  کو شاباش دی ۔

مزیدخبریں