رکاوٹیں ختم،راستے کھل گئے،سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں
لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستے بھی کھل گئے،ایم 2، ایم 11اورایسٹرن بائی پاس پر ٹریفک بحال ہوگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ارشاد قریشی ،حسن ملک،نیئرعالم،وقاص احمد)پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کے اعلان کے بعدحکومت نے رکاوٹیں ختم کرنے اورراستے کھولنے کااعلان کردیا۔
راولپنڈی اسلام آباد میں گرینڈ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ڈی سی راولپنڈی نے تمام اے سیز کو کنٹینرز ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے راستے فی الفور کھولے جائیں۔
ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی تمام موٹرویزبھی کھول دی گئی ہیں،ایم 4اورایم 5 موٹروے کو ٹریفک کیلئےکھول دیاگیا ہے،ایم فور موٹروے پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک کھول دی گئی ہے،موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر تک کھول دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے گزشتہ 5 دن سے مرمتی کاموں کی وجہ سے بند تھی،اب موٹروے پر ٹریفک رواں دواں ہے۔
احتجاج کے پیش نظر بلاک گئے گئے وزیر آباد اور گجرات کے تمام راستے بھی کھول دیئے گئے ہیں،تمام شاہراہوں کو ہر قسم کی ٹریفک کیلیے کھول دیا گیاہے،وزیرآباد چناب ٹول پلازہ اور متعدد مقامات سے جی ٹی روڈ سے رکاوٹیں ہٹا کرٹریفک کو مکمل طورپربحال کر دیا گیا ہے،وزیرآباد سے ملحقہ علاقوں کی تمام سڑکیں بھی بحال کر دی گئی ہیں۔
موٹروے اینڈ ہائی وے پولیس کے مطابق مسافر اب وزیرآبادسے لاہور اور اسلام آباد کیلئے سفر کر سکتے ہیں۔
لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستوں کوبھی کھول دیا گیا ہے،ایم 2، ایم 11اورایسٹرن بائی پاس پر ٹریفک بحال ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شرانگیزی کی سازش ناکام،پُرامن پاکستان اور پاکستانیوں کی جیت ہوئی، محسن نقوی
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں،راوی پل،پرانا راوی پل،سگیاں راوی پل سے ٹریفک شہر میں داخل اور باہر جارہی ہے،ٹھوکر نیاز بیگ سے ملتان روڈ پر بھی ٹریفک آاورجا سکتی ہے،رائے ونڈ روڈ، فیروز پور روڈاور گجومتہ کے راستے بھی ٹریفک کیلئے کھلے ہیں۔
ترجمان ٹریف پولیس کے مطابق لاہوراسلام آباد،لاہور سیالکوٹ موٹروے اورایسٹرن بائی پاس بھی کھول دیا گیا ہے ،لاہور رنگ روڈ بھی ٹریفک کیلئے کھلی ہے اور شہر کے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے،شہری مزید راہنمائی اور مدد کےلئے ہیلپ لائن 15 پر کال کرسکتے ہیں۔