(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ ریما خان اور ڈاکٹر طارق شہاب کی شادی کو13برس مکمل ہوگئے، شادی کی 13 ویں سالگرہ کی رنگارنگ تقریب امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں شریک ایک مہمان کا کہناتھا کہ جہاں تقریب منعقد ہوئی وہ ہال پیار و محبت سے لبریز تھا، اس ہال کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور ماحول بھی شاندار تھا۔
ڈاکٹرطارق شہاب نے اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ریما ایک عظیم انسان ہیں اور انہیں اپنی زندگی میں پا کر میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں،ریما کے دوست کہتے ہیں کہ طارق بھائی نے جیک پاٹ جیت لیا ہے، جس سے میں بھی متفق ہوں،ان کی شخصیت عجز و انکساری کا پیکر ہے، انہوں نے کبھی یہ محسوس نہیں ہونے دیا کہ وہ ایک مشہور شخصیت ہیں،وہ پہلے دن سے ہی اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ بہت خوب صورتی سے گھل مل گئیں۔
اس موقع پر اداکارہ ریما خان نے کہا کہ طارق کو اپنی زندگی میں پا کر میں بھی خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہوں،طارق نے کس طرح اپنے والد کی دیکھ بھال کی جب وہ کووڈ میں مبتلا تھے اور پچھلے سال جب ان کے دل کے والوو کی سرجری ہوئی تھی،میرے والد ہمیشہ طارق کی تعریف اور ان کے حق میں دعائیں کرتے رہتے ہیں، حتیٰ کہ اپنے بچوں سے بھی زیادہ انہیں پیار دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لڑکیوں کو کم عمری میں شادی نہیں کرنی چاہیے،اداکارہ عینی زیدی کامشورہ
پاکستانی سفیر رضوان شیخ نے کہا کہ طارق شہاب اورریما جہاں بھی جاتے ہیں حقیقی معنوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں،ان کی جوڑی خوبصورت ہے اور دونوں کی شخصیت بہت شاندار ہے،ڈاکٹر شہاب ماہرِ امراضِ قلب ہیں اور انہوں نے اپنے خاندان کے افراد سمیت پاکستان کے بہت سے مریضوں کی دیکھ بھال کی ہے۔
تقریب میں گلوکار شیری رضا نے سربکھیرکرلوگوں کو محظوظ کیا،آخرمیں ریما اور ڈاکٹرطارق شہاب نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کاشکریہ ادا کیا ۔