اسلام آبادکےراستے کلیئر ،ریاست کی رٹ برقرار رکھیں گے ، چیف کمشنر

احتجاج کے دوران 71اہلکار زخمی ہوئے ،پکڑے گئے مظاہرین میں افغان شہری بھی شامل ہیں ، آئی جی اسلام آباد 

Nov 27, 2024 | 15:14:PM

(طیب آصف)چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی کو اسلام آباد کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پکڑے گئے مظاہرین میں افغان شہری بھی شامل تھے۔

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ بیلا روس کے صدر اور وفد اسلام آباد میں موجود ہیں، اہم دورے کے موقع پر ریاست کی ریٹ کو چیلنج کیا گیا، ریاست کی رٹ برقرار رکھنا بہت ضروری ہے، احتجاج میں غیرملکی بھی موجود تھے۔پیٹرول  سٹیشنز کو بھی اس لیے بند کیا گیا کیونکہ ہمیں آگ لگانے کی اطلاع تھی۔

محمدعلی رندھاوا نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ریاست کی عملداری بحال کرنے کے لیے کردار ادا کیا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، اسلام آباد میں تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں، اسلام آباد کے تمام روٹس کلیئر ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ریاست کی عملداری بحال کرنے کے لیے کردار ادا کیا۔

چیف کمشنراسلام آباد کا مزید کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والوں میں افغان شہری بھی شامل ہیں، عدالت نے احتجاج کے لیے سنگجانی کی اجازت دی تھی مگر شرپسند بلیو ایریا اور ریڈ زون میں آنے کے لیے بضد تھے، اسلام آباد کی خوبصورتی اور گرین بیلٹس کو تباہ کیا گیا۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا کہ احتجاج الگ چیز اور دہشت گردی الگ چیز ہے، احتجاج کی آڑمیں دہشت گردانہ کارروائی برداشت نہیں ہوگی، یہ کیسا احتجاج تھا، سیکیورٹی اہلکاروں پر فائر کیے گئے، اس احتجاج میں ہرطرح کا اسلحہ استعمال کیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ پولیس اور رینجرزپرحملےکیےگئے، مظاہرین نے سرکاری آنسو گیس پھینکے، اس طرح کا احتجاج دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے، مظاہرین نے سی سی ٹی وی کیمرے توڑے۔کل رات ہوئے آپریشن میں ہم نے آنسو گیس کے ذریعے علاقے کو کلئیر کروایا،3000 سے زائد ایسی گاڑیوں کی فوٹیجز آگئیں جن کواستعمال کیا جارہا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی نافذ کرنے والوں کے 71 اہلکار زخمی ہوئے، ہم احتجاج کی آڑ میں دہشت گردی نہیں کرنے دیں گے۔

مزیدخبریں