فائنل نہیں مس کال،پی ٹی آئی کارکنان موجود رہے،لیڈرشپ بھاگ گئی،گورنر خیبر پختونخوا

Nov 27, 2024 | 18:35:PM

(عامر شہزاد) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) احتجاج میری نظر میں فائنل کال نہیں ایک مس کال ہوگئی،غریب لوگ موجود رہے اور لیڈرشپ بھاگ گئی ،یہ وفاقی حکومت پہ بھی سوالیہ نشان ہے کہ علی امین ایک ہی راستہ سے دوبارہ کیسے فرار ہوگئے؟ 

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارا صوبہ جل رہا ہے اور یہ لوگ اسلام آباد جلا رہے ہیں، ہم آل پارٹیز کانفرنس میں اپنے صوبے کے مسائل وفاق کے سامنے رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پھر اسلام آباد میں ڈرامہ کیا گیا،15سو کے قریب سول کپڑوں میں پولیس کو بھی ساتھ لے کر گئے تھے،یہ میری نظر میں فائنل کال نہیں ایک مس کال ہوگئی،غریب لوگ موجود رہے یہ لوگ وہاں سے بھاگ گئے، یہ وفاقی حکومت پہ بھی سوالیہ نشان ہے کہ علی امین ایک ہی راستہ سے دوبارہ کیسے فرار ہوگئے؟

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ لوگ پوچھتے ہیں یہ اسلام آباد پولیس کی نااہلی تھی یا فکس میچ تھا،وفاقی حکومت کو اس حوالے سے موثر اقدامات کرنے ہونگے،پولیس رینجرز شہید ہورہے ہیں ، کب تک شہداتیں دیتے رہینگے، خوشی منانے سے بہتر ہے وفاقی حکومت عملی طور پر کچھ کرے ، انہوں نے بتایا کہ جہاں کہیں پی ٹی آئی کو جلسہ کرنا ہے جلسہ کرنے دیے جائےلیکن بانی پی ٹی آئی کی رہائی اس طریقے سے نہیں ہونگی،اس رہائی کے لئے عدالتوں کے ذرئعے ہوگی، احتجاجوں کے ذرائعے بانی پی ٹی آئی کی رہائی  تاحیات نہیں ہوگی۔

 کرم ایجنسی میں جاری کشیدگی کے حوالے سے گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ میں وزیراعلی صاحب کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ کُرم جائیں،باقی سیاسی جماعتیں بھی ہونگی اچھا ہوگا ،وزیراعلی بھی ساتھ ہوں،دسمبر کے شروع میں امن وامان کے حوالے سے اجلاس کرنے جارہا ہوں،اجلاس گورنر ہاوس میں ہوگا ،وزیراعلی کو اس میں دعوت دیتا ہوں۔

فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ تمام حالات آپ کے سامنے ہے میں خود موجود نہیں تھا ملک میں،اس وقت صوبے کی سب سے بڑا مسلہ امن وامان کا ہے،ہمارے وزیراعلی کو ابھی تک وقت نہیں ملا کہ وہ کرم جاتے ،اسلام آباد میں آگ لگانے سے بہتر ہے کہ اپر اور لوئر کرم جائے،میں نے خود فیصلہ کیا ہے کل یا پرسوں میں کرم جاؤں ،وہاں کے مشران کے ساتھ بیٹھ کر وہاں کے مسائل کو حل کروں۔

 یہ بھی پڑھیں: احتجاج میں توڑ پھوڑ اور شر انگیزی کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان کا جسمانی ریمانڈ منظور

مزیدخبریں