پی ٹی آئی لیڈرشپ نہیں چاہتی عمران جیل سے باہر آئیں،ایمل ولی خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مالک الرحمان)عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے کہاہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ عمران کو جیل سے باہر ہونا چاہئے لیکن اس کا یہ راستہ نہیں ہے،جیل میں کسی کو بند کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا،پی ٹی آئی لیڈرشپ نہیں چاہتی کہ عمران جیل سے باہر آئیں،پی ٹی آئی قیادت ورکرز کو استعمال کرکے عمران کو مزید اندر کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کچھ کرسی کے لالچی انسانوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں،پی ٹی آئی کے جس جس گھر میں شہید ہیں ان کے دکھ اور درد میں ہم برابر کے شریک ہیں،نوجوانوں کے ذہنوں سے کھیل کر ان کو ریاست کے سامنے لاکر کھڑا کردیا جاتا ہے،اس حد تک یہ کمپرومائزڈ ہیں کہ ریاست کے سامنے اپنے ورکرز کو کھڑا کرکے خود بھاگ جاتے ہیں،صدر اے این پی نے کہاکہ پختونوں کو کہا جاتا ہے کہ غیرت مند اور جہادی قوم ہو،سوال یہ ہے کہ اس غیرت مند قوم کو اپنے بے غیرتی کیلئے استعمال کرتے ہو؟پہلے خود غیرت مند بنو،ایک لیڈر کو کچھ نہ ہوا، صرف ورکرز مارے گئے،وزیراعلی اس قدر غیرت مند ہے کہ تین بار بھاگنے کا ریکارڈ قائم کرچکا،اس سارےڈرامے میں جذباتی ورکرز کو جس طرح استعمال کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی،ورکرزکے ساتھ گنڈاپور اور پیرنی نے ہاتھ کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یو اے ای نے پاکستانیوں پر نئی ویزا شرط عائد کردی
ایمل ولی خان نے کہاکہ پی ٹی آئی والے اتنے غیرت مند ہیں تو پنجاب سے کچھ لوگ تو لیکر آتے،مار صرف پختون کھائیں گے؟کچھ شرم ان میں ہوتی تو جس دن یہ اسلام آباد جارہے تھے ضلع کرم میں خون کی ہولی کھیلی جارہی تھی،آج بھی ضلع کرم میں پورے کے پورے گاؤں خالی ہوگئے ہیں،سیز فائر کا بھی انہوں نے ڈرامہ کیا،وہاں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں اور ہمارے لیے مرنے کا مقام ہے کہ لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں۔
ان کاکہناتھا کہ وفاقی حکومت کا انصاف بھی عجیب ہے کہ پہلے لیڈرشپ کو بھاگنے کا راستہ دیا اور بعد میں ورکرز کو نشانہ بنایا،خدارا پختونوں کی حالت زار پر رحم کریں،ہم پہلے ہی سے زخمی ہیں،صوبہ پنجاب اور سندھ ترقی کررہے ہیں اور ہم دھرنوں میں مررہے ہیں،وزیراعلیٰ ہمت کریں اور پی ٹی آئی کے شہدا کو جیب سےایک ایک کروڑ رقم ادا کریں،پہلے دھرنے پر پختونخوا کے وسائل لٹائے گئے اور اب شہدا کے نام پر پختونخوا کے وسائل اڑائے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:محکمہ موسمیات کی موسم سے متعلق اہم پیشگوئی