ہسپانوی وزیر نے اسرائیل سے تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کردیا

Oct 27, 2023 | 09:00:AM

(ویب ڈیسک) سپین کی وزیر برائے سماجی امور آئیونی بیلارا نے یورپی ممالک سے “اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے اور اقتصادی پابندیاں عائد کرنے” کا مطالبہ کر دیا ہے۔

بیلارا نے ایکس پلیٹ فارم پر ایک بلاگ پوسٹ میں کہا، “آئیے ہم عمل کریں۔” “نسل کشی کو روکنا اب بھی ممکن ہے۔” وزیر نے اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کردہ ایک ویڈیو کلپ میں یورپی ممالک سے اسرائیل کے خلاف اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے اور فیصلہ کن طور پر اسرائیل پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے جیسے فوری فیصلے کریں۔

دوسری جانب فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض فوج نے خواتین سمیت متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ جمعرات کی صبح سویرے رملہ شہر کے قریب ایک بڑے پیمانے پر گرفتاری کی مہم شروع کی گئی، جس میں کوبر قصبے سے 17 فلسطینی، رملہ کے مشرق میں واقع المغیر قصبے سے تین فلسطینی اور شمال مغرب میں عرورہ قصبے سے ایک فلسطینی کو گرفتار کیا گیا۔

واضح رہے کہ آئیونی بیلارا نے  یورپی یونین کے اہم اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔ ہسپانوی وزیر نے اسرائیلی بمباری میں معصوم جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہوں نے اپنی اتحادی حکومت سے اسرائیل کی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  لاہور: مبینہ پولیس مقابلے میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اتحادی حکومت اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کرے اور نسل کشی کی ذمہ دار اسرائیلی حکومت پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں۔

مزیدخبریں