کشمیر پر بھارتی قبضے کو 76 سال مکمل، دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)بھارت کی جانب سے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں جبر و استبداد، ظلم و بربریت اور ریاستی دہشتگردی کے 76 سال مکمل ہو گئے،کشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین دن 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیریوں کی امنگوں کیخلاف وادی پر غاضبانہ قبضہ کر کے نسل کشی کا ایسا سلسلہ شروع کیا جو آج بھی جاری ہے۔
بھارتی قبضے کے خلاف دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام آج یوم سیاہ منا رہے ہیں جبکہ حریت کانفرنس کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی ہے،لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کے دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کو بھارت کے غاصبانہ قبضہ کیخلاف یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کے ہاتھوں اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زیادہ کشمیریوں کو شہید کیا جا چکاہے، اس ظلم کے باوجود نہ تو کشمیریوں کے حوصلے پست ہوئے اور نہ ہی وہ اپنے حق سے پیچھے ہٹنے پر تیار ہیں، بھارتی فورسز نے 1947 میں آج ہی کے دن جموں و کشمیر پر حملہ کر کے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف اس پر قبضہ کیا، ریاستی دہشتگردی کے 76 سال مکمل ہونے کے باوجود بھارت آج بھی جارحانہ اور غاصبانہ طرز عمل پر کار بند ہے۔
بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کیا، صرف 90 کی دہائی سے اب تک 96246 کشمیری شہید کیے گئے ہیں، گزشتہ 33 سالوں کے دوران بھارت نے 168493 کشمیریوں کو گرفتار کیا ہے جن میں دوران حراست 7306 شہید کئے گئے ہیں۔