صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے حکم کیخلاف ایئر یونیورسٹی کی درخواست مسترد کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی محتسب کے حکم کے خلاف ایئر یونیورسٹی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کورونا کی وجہ سے بی ایس ڈگری کے بقیہ کورسز مکمل کرنے سے قاصر رہنے والی طالبہ کو اپنی ڈگری مکمل کرنے کیلئے اضافی سال دینے کے معاملے پر نظر ثانی کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے یونیورسٹی کی جانب سے طالبہ کے کیس پر بروقت کارروائی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی اور یونیورسٹی قواعد میں توسیع دے کر ایسے مسائل حل کرنے کی دفعات موجود ہیں۔
یونیورسٹی کے پاس ایچ ای سی کی پالیسی اور سفارشات سے انحراف کرنے کی کوئی وجہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے بدانتظامی کی درستگی کی بجائے عوامی خزانے اور طالبہ کے وقت کے ضیاع کو مدنظر رکھے بغیر محتسب کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی۔ صدر مملکت نے ایئر یونیورسٹی پر زور دیا کہ طالبہ کی لگن، محنت اور سرمایے کو ضائع نہ ہونے دیا جائے اور تمام طلباء بالخصوص طالبات کی مدد اور رہنمائی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ایئر یونیورسٹی کی اقراء منیر نامی طالبہ نے وفاقی محتسب کو شکایت کی تھی کہ وہ ایئر یونیورسٹی سے منسلک کالج میں سائیکالوجی پروگرام میں بیچلر آف سائنس (آنرز) کی طالبہ ہے، انہوں نے کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے 2020 ء میں ڈگری مکمل نہیں کر سکی تھی۔ ڈگری مکمل کرنے کیلئے ایک اضافی سال کیلئے یونیورسٹی سے رابطہ کرنے پر طالبہ کو ایچ ای سی سے رابطہ کرنے کا کہا گیا۔
ایچ ای سی نے مجاز اتھارٹی کو میڈیکل ہسٹری اور یونیورسٹی قواعد کو مدنظر رکھتے ہوئے توسیع کے معاملے پر غور کرنے کی سفارش کی تھی لیکن ایک سال گزر جانے کے باجود توسیع نہ ملنے پر طالبہ نے وفاقی محتسب کو درخواست دی تھی۔ وفاقی محتسب نے ایئر یونیورسٹی کو اقراء منیر کا کیس یونیورسٹی فنکشنل کمیٹی کے سامنے نظر ثانی کیلئے رکھنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف یونیورسٹی نے صدر مملکت کو درخواست دائر کی۔
صدر مملکت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ یونیورسٹی نے ایچ ای سی کی سفارشات پر عمل نہیں کیا اور کیس مجاز اتھارٹی کے سامنے نہیں رکھا، طالبہ کورونا کی وجہ سے بیمار ہوئی،ڈگری مکمل کرنے کیلئے اضافی وقت حاصل کرنے کیلئے تگ و دو کرنا پڑی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایچ ای سی پالیسی کے مطابق ڈگری مکمل کرنے کی مدت 6 سال ہے جو منظوری کے بعد ایک سال تک مزید بڑھائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر طالبہ کا کیس وقت پر کمیٹی کے سامنے رکھا جاتا تو مسئلہ حل ہو سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا، یونیورسٹی نے اپنی بدانتظامی ختم کرنے کے بجائے وقت اور وسائل کا ضیاع کیا۔ صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے حکم کے خلاف ایئر یونیورسٹی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مزید وقت ضائع کئے بغیر ایچ ای سی کی پالیسی اور سفارشات کے مطابق طالبہ کو سہولت فراہم کی جائے