نان فائلر گاڑیاں اور جائیدادیں نہیں خرید سکے گا: وزیر خزانہ
ٹیکس کیلئے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا، بہتر معیشت کیلئے مشکل فیصلے کرنا ہونگے: محمد اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ٹیکس کے لیے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا، نان فائلر گاڑیاں اور جائیدادیں نہیں خرید سکے گا، کوشش ہوگی آئی ایم ایف کا پروگرام آخری پروگرام ہو، معیشت کی بہتری کے لیے ہمیں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔
واشنگٹن میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکہ میں پاکستان میں مہنگائی کی کمی کو سراہا گیا، ٹیکس ٹو جی ڈی پی کو 9 فیصد سے 13 فیصد تک لائیں گے، معاشی ترقی کیلئے طویل مدتی منصوبے بنانا ہوں گے، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کے لیے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا، نان فائلر گاڑیاں اور جائیدادیں نہیں خرید سکے گا، نان فائلر سے متعلق ہمیں قانونی کور کی ضرورت ہے، ہم نان فائلر کی اصطلاح ہی ختم کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح اور پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی، امریکہ میں سعودی وزیرخزانہ سمیت دیگر ممالک سے بات چیت مثبت رہی، امریکہ میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے نمائندوں سے ملاقاتیں مثبت رہیں، امریکہ میں بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تمام مالیاتی ریٹنگ ایجنسیاں کہہ رہی ہیں کہ پاکستان درست معاشی سمت پر گامزن ہے، ورلڈ بینک پاکستان کو قرض نہیں گرانٹ دے گا، آئی ایم ایف کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔