بانی پی ٹی آئی سردیوں کے بعد گرمیاں بھی جیل میں گزاریں گے، منظور وسان

26 ویں آئینی ترمیم میں18ویں ترمیم کی شقیں بھی شامل ،عدلیہ اورعوام سمیت کسی کا نقصان نہیں

Oct 27, 2024 | 15:10:PM

(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے حوالے سے نئی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سردیوں کے بعد گرمیاں بھی جیل میں گزاریں گے۔

اپنے ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان کا کہنا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں 18 ویں آئینی ترمیم کی شقیں بھی شامل ہیں، 26 ویں آئینی ترمیم سے عدلیہ اور عوام سمیت کسی کا نقصان نہیں ہے۔

منظور وسان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بڑی ٹربل میں ہیں،وہ سردیاں جیل میں گزارنے کے بعد گرمیاں بھی جیل میں گزاریں گے،پیپلزپارٹی پر اسٹیبلشمینٹ کے ساتھ ہونے کا الزام غلط ہے، پیپلزپارٹی جمہوریت پسند پارٹی ہے ہم عوام کے ساتھ ہیں اور عوام کے ساتھ رہیں گے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے مزیدکہا کہ سندھ حکومت صوبے میں امن وامان قائم رکھنے کے لیے سرگرم عمل ہے، ہم پنجاب کے علاقوں میں دریائے سندھ سے 6 نئی نہریں نکالنے کی حمایت نہیں کرتے۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو منظور وسان نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے محسوس ہورہا ہے بانی پی ٹی آئی کچھ عرصہ مزید جیل میں رہیں گے، بانی پی ٹی آئی اسلام آباد اور مری کی ٹھنڈی ہواؤں میں پھنس چکے ہیں،بانی پی ٹی آئی احتجاج کروا کر اپنے لئے ریلیف لینا چاہتے ہیں مگر ریلیف دینے والے بھی بڑے پکے ہیں،وہ پریشر میں نہیں آئیں گے، وزیراعلی کے پی نے بھڑکیں مارکر بانی پی ٹی آئی اور پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے۔

منظور وسان نے پیشگوئی کی تھی کہ حکومتی سسٹم چلے گامگر چہرے تبدیل ہوں گے، شہباز شریف سمجھدار آدمی ہیں موجودہ حالات میں اگر کچھ کمال دکھا گئے تو بچ جائیں گے۔

مزیدخبریں