(احمد منصور)خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 2مختلف آپریشنزمیں 4خوارج ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے میں خوارجی انصاف اللہ سمیت 2خوارج ہلاک ہو گئے۔
ادھر ضلع خیبر میں بھی ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 2خوارج ہلاک اور تین زخمی ہوئے،ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمدہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے خارجی دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے کو خارجی دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے سکیورٹی فورسز کا سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عجیب و غریب حادثہ؟ہوائی جہاز اور رکشہ آپس میں ٹکرا گئے
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی تحسین پیش کیا ہے، وزیر داخلہ نے فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا،فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں سکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔
محسن نقوی نے کہاہے کہ قوم کو بجا طور پر بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے،فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے قوم یکسو ہے اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گاڑیاں رکھنے والوں کیلئے اہم خبر، اہم قانون متعارف کرا دیا گیا