خیبرپختونخوا میں ڈینگی بے قابو،پشاور سر فہرست

Oct 27, 2024 | 21:20:PM

(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلنے لگا اور متاثرہ اضلاع میں پشاور نمایاں طور پر سر فہرست آ گیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق پشاور سے رواں سال ڈینگی کے 978 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صوبے بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 891 تک پہنچ گئی ہے، اس وقت صوبے میں 446 فعال کیسز موجود ہیں، مانسہرہ میں 235، ایبٹ آباد میں 212 اور ہنگو میں 197 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈینگی بخار کی علامات
ڈینگی بخار کی علامات میں تیز بخار، جسم میں درد، خصوصاً کمر اور ٹانگوں میں شدید درد، سر درد، متلی اور قے شامل ہیں، اس کے علاوہ جسم پر سرخ نشان، مسوڑھوں یا ناک سے خون آنا، غنودگی، اور سانس لینے میں دشواری بھی ممکن ہیں۔

ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات

محکمہ صحت نے عوام کو ڈینگی سے بچنے کے لیے چند اہم تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جیسے کہ روم کولر کا استعمال کم کرنا، کھڑے پانی کو فوری طور پر خشک کرنا، آرائشی گملوں اور خراب ٹائروں میں پانی جمع نہ ہونے دینا، بارش کے پانی کو کسی بھی جگہ جمع نہ ہونے دینے اور ایئرکنڈیشنر کی نکاسی کا مناسب بندوبست کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عجیب و غریب حادثہ؟ہوائی جہاز اور رکشہ آپس میں ٹکرا گئے

مزید برآں خاص طور پر کونوں کھدروں اور فرنیچر کے نیچے مچھر مار سپرے کرانا، مچھر دانیوں اور مچھر بھگانے والے لوشن کا استعمال بھی ضروری ہے۔

خیال رہے کہ یہ صورت حال عوامی صحت کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی اہم ہیں۔

مزیدخبریں