افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ افغانستان سے متعلق پاکستان اور برطانیہ کی سوچ میں ہم آہنگی ہے،دونوں ممالک افغانستان میں امن چاہتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی فارن افیئرز اور ڈیفنس کمیٹیوں کے سربراہان نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی،وفد کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات پاکستان ہائی کمیشن میں ہوئی ،وزیر خارجہ نے برطانوی پارلیمنٹرینز کو افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان سے متعلق پاکستان اور برطانیہ کی سوچ میں ہم آہنگی ہے، پاکستان اور برطانیہ دونوں ممالک افغانستان میں امن چاہتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری، افغانوں کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے آگے بڑھے،افغانستان میں عدم استحکام سے افغان مہاجرین اور دیگر مسائل سر اٹھائیں گے۔
وزیر خارجہ نے وفد کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا،شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر 131 صفحات پر مشتمل ”دستاویزی ثبوت “ جاری کئے،بھارتی افسران کے جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں ،ہم نے ٹھوس شواہد دنیا کے سامنے رکھے تاکہ وہ حقائق کو جانچ سکیں ۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ قریبی دوست اور دیرینہ شراکت دار ہیں،وقت آگیا ہے کہ پاک برطانیہ سٹرٹیجک شراکت داری کو آگے بڑھایا جائے ،اگلے سال پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات کے 75 سالہ جشن منانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: پاناما مقدمے کی کہانی پر لکھی کتاب پڑھ رہا ہوں، جلد ریویو لکھوں گا، کیپٹن (ر) صفدر