(ویب ڈیسک )سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز کے ہاتھوں قتل ہونے والی سارہ انعام کو انصاف دلوانے کیلئے سوشل میڈیا صارفین مختلف ٹرینڈز چل رہے ہیں ایسے میں پاکستان کی معروف خاتون صحافی کے ٹوئٹ میں کیے جانے والے انکشاف نے سب کو چونکا دیا۔
تفصیلات کے مطابق مہر بخاری نے اپنے ٹوئٹ میں سارہ انعام کے حوالے سے بتایا کہ وہ اور سارہ کینیڈا میں کلاس فیلو رہ چکی ہیں، سارہ ایک پیاری، مہربان روح تھی، نرمی سے بولنے والی خاتون تھی، یہ اس کی پہلی شادی تھی۔اس نے بہترین جگہوں پر کام کیا، دنیا کا سفر کیا اور اب وہ ایک مضبوط اور صحت مند گھر بنانا چاہتی تھی۔ایک اور ٹوئٹ میں مہر بخاری نے سارہ انعام کی آخری انسٹا پوسٹ شیئر کی جس میں سارہ کے اکاؤنٹ کا نشان مٹا دیا گیا تھا، مہر بخاری نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ وہ سمجھتی تھی وہ سب ٹھیک کر لے گی۔
سارہ انعام نے آخری انسٹا پوسٹ 12 ستمبر 2022 کو شیئر کی تھی جس میں ہاتھ میں کتاب تھامی ہوئی تھی اور ساتھ معروف فارسی شاعر شمس تبریز کا قول بھی درج تھا۔
سارہ نے لکھا کہ ’بالکل ایسے ہی کہ اس نے میری زندگی میں رنگ بھر دیے، لیکن میری زندگی کا ایجنٹ خود بہت بری طرح متاثر ہوا، شمس تبریز کہتے ہیں کہ ، ’خزانے کھنڈرات میں چھپے ہوتے ہیں، اور ٹوٹے ہوئے دل میں خزانے جمع ہوتے ہیں‘۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں ملزم شاہنواز نے اپنی اہلیہ سارہ کو سر پر ڈمبل مار کر بے ہوش کیا اور پھر اسے نہانے والے ٹب میں ڈال کر پانی کھول دیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔ ملزم نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد اس کے کینیڈین پاسپورٹ کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے اور شواہد مٹانے کی بھی کوشش کی۔