ماضی میں اللہ نے کامیابی دی،مہنگائی پر جلد قابو پا لیں گے: اسحاق ڈار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)نامزد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ماضی میں اللہ نے کامیابی دی،حالات پر قابو پانے کی پوری کوشش کریں گے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےاسحاق ڈار نے کہا کہ روپے کی قدر آرٹیفشل گری وہ بڑا چیلنج ہے،مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے،یوٹیلیٹی پرائسز بہت بڑا چیلنج ہیں.
ہنڈی اور سٹے کا کاروبار کرنے والوں کو کھلا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے مارکیٹ بیسڈ والا ریٹ رکھا تھا،ہنڈی اور سٹے کا کاروبار کرنے والوں کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ افواہیں پھیلا کر روپے کی بے قدری کریں،اس وقت روپے کی قدر مصنوعی طور پر جو گری ہوئی ہے وہ ایک چیلنج ہے،مہنگائی اور یوٹیلیٹی قیمتیں بھی بڑا چیلنج ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ انشا اللہ کوشش کریں گے کہ مسائل کو کم کیا جائے،کل سے اب تک ڈالر 9 روپے نیچے آچکا ہے،ڈالر نیچے آنے کا مطلب 1350 ارب روپے کے پاکستانی قوم کے قرضے کم ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں اسحاق ڈار احتساب عدالت میں سرینڈر نہ کر سکے، احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر آج چھٹی پر تھے جس کی وجہ سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور دیگر لیگی رہنما احتساب عدالت پہنچے۔ آئی جی اسلام آباد نے احتساب عدالت کے جج کی رخصت سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو آگاہ کیا، جس کے بعد رانا ثناء اللہ اور دیگر لیگی رہنما واپس چلے گئے۔
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار راتے گئے لندن سے پاکستان پہنچے تھے، اسحاق ڈار کا آج بطور سینیٹر حلف اُٹھانے کا بھی امکان ہے۔
خیال رہے اسحاق ڈار 2018 میں پنجاب سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ سابق وزیر خزانہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے حلف نہ اُٹھا سکے تھے۔