نیپال نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کئی عالمی ریکارڈز توڑ ڈالے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک ) ایشین گیمز میں کرکٹ کے ایونٹ میں نیپال نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نئی تاریخ رقم کرکے ایک ہی میچ میں متعدد ریکارڈز بنا ڈالے، نیپال نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا اور منگولیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں پر 314 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ نیپالی ٹیم کے کوشال مالا نے 34 گیندوں پر ناقابلِ شکست 137 رنز بنائے جبکہ دیپندرہ سنگھ نے 9 گیندوں پر ناقابلِ شکست 50 رنز بنائے، کپتان روہت پاؤڈل نے بھی 27 گیندوں پر 61 رنز اسکور کیے۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں افغانستان کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ تھا،افغانستان نے فروری 2019 میں آئر لینڈ کے خلاف میچ میں 3 وکٹوں پر 278 رنز بنائے تھے۔
ضرورپڑھیں:ایشین گیمز: ہاکی میں پاکستان کی ایک اور کامیابی
دوسری طرف نیپال کے دیپندرہ سنگھ نے بھارت کے یووراج سنگھ کا تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ توڑا، یووراج سنگھ نے 2007 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈکے خلاف 12 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی لیکن دیپندرہ سنگھ نے صرف 9 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ کوشال مالا نے تیز ترین سنچری بنا کر بھارت کے روہت شرما اور جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر کو پیچھے چھوڑ دیا،کوشال مالا نے 34 گیندوں پر سنچری بنائی جبکہ روہت شرما اور ڈیوڈ ملر نے 35 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
نیپال نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑے مارجن سے کامیابی کا ریکارڈبھی اپنے نام کرلیا ،نیپال کرکٹ ٹیم نے منگولیا کو 273 سے شکست دی،نیپال نے ریکارڈ 314 رنز تین وکٹوں کے نقصان پر بنائے تھے، جواب میں منگولیا کی ٹیم 14 ویں اوور میں 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
یاد رہے کہ نیپال سے قبل بڑے مارجن سے کامیابی کا ریکارڈ چیک ری پبلک کے پاس تھا، چیک ریپبلک نے 30 اگست 2019 کو ترکیے کو 257 رنز سے شکست دی تھی۔