(شاہزیب حسین)ہندوستان میں مسلم کش مظالم سے تنگ ہندوستانی مسلمان پاکستان کا رخ کرنے لگے،ہندوستان دلی کے علاقے گوتھم پوری کے رہائشی باپ بیٹا 14 دن کا سفر طے کرنے کے بعد پاکستان میں داخل ہو گئے۔
دلی کے محمد حسنین اپنے بیٹے اسحاق کے ہمراہ پہلے دوبئی پہنچے پھردوبئی سے نکل کر انہوں نے افغانستان کا رخ کیا،پاکستان آنے کی خواہش پر افغانستان کے ایک ٹریول ایجنٹ نے باپ بیٹے کو پاکستان داخل کرادیا۔
ہندوستانی مسلمان محمد حسنین بیٹے اسحاق کے ہمراہ بذریعہ ٹیکسی پاکستان میں داخل ہوئے،ہندوستانی باپ بیٹے پاک افغان بارڈر کراس کرکے پہلے کوئٹہ پہنچے،باپ بیٹا کوئٹہ سے نکل کر بذریعہ ٹیکسی کراچی آن پہنچے۔
کراچی پہنچنے کے بعد ہندوستانی مسلمان باپ بیٹا نے متعلقہ اداروں سے رجوع کیا،ہر ایک ادارے نے ہندوستانی باپ بیٹا کی سنی ان سنی کردی،دونوں ہندوستانی باپ بیٹا قانونی حیثیت کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
ہندوستانی باپ بیٹا کی اپیل ہے وہ جیل جانے کیلئے تیار ہیں پر واپس ہندوستان جانے کو تیار نہیں،اگر پاکستانی حکومت نے انہیں ڈی پورٹ کیا تو ہندوستان کی سرزمین پر اترتے ہی انہیں قتل کردیا جائے گا،ہماری جان لینی ہے تو ہمیں پاکستان میں ہی مار دیا جائے۔
پاکستان میں مر گئے تو دو گز زمین مل جائے گی، ہندوستان میں وہ بھی نصیب نہیں ہوگی۔