صدر مملکت نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کی  منظوری دے دی

Sep 27, 2023 | 17:26:PM

(اویس کیانی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کی کمی کی منظوری دے دی ہے۔

بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے سزاؤں میں کمی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت دی ہے۔

سزاؤں میں کمی کا اطلاق قتل، جاسوسی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا، سزاؤں میں کمی کا اطلاق زنا، چوری، ڈکیتی، اغواء اور دہشتگردی میں سزا یافتہ مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔

سزا میں کمی کا اطلاق مالی جرائم اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔ سزا میں کمی کا اطلاق غیرملکی افراد ایکٹ، 1946 اور منشیات کنٹرول (ترمیمی) ایکٹ 2022ء کے تحت سزا یافتہ افراد پر نہیں ہوگا۔

65 سال سے زائد عمر کے مرد قیدی جو اپنی ایک تہائی قید کاٹ چکے، ان پر اطلاق ہو گا۔ 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدی جو ایک تہائی قید کاٹ چکی ہیں، ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔ 18 سال سے کم عمر افراد جو اپنی ایک تہائی سزا کاٹ چکے ہیں ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔

مزیدخبریں