(24 نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی نیویارک میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے دوطرفہ ملاقات ہوئی، ملاقات میں ایران پاکستان باہمی حمایت اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور اچھے ہمسایہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ باہمی فائدہ مند تعاون کی ضرورت پر زور دیا، وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، ایران کے ساتھ روابط اور ثقافتی تعلقات کو بہتر بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا، بولی کی تاریخ میں مزید توسیع
فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور فلسطین اور لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے پر زور دیا۔